پاکستان سپر لیگ کا میلہ جمعرات سے متحدہ عرب امارات میں لگے گا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا تیسرا ایڈیشن جمعرات سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جمعرات کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل میں حصہ لینے والی ٹیموں میں پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز،لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔

ملتان سلطانز پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شامل ہوئی ہے۔

پی ایس ایل کے بارے میں مزید پڑھیے

پی ایس ایل 3 کے باصلاحیت نوجوان پاکستانی کرکٹرز

پی ایس ایل: غیرملکی کرکٹرز میں کون دھاک بٹھائے گا؟

پاکستان سپر لیگ میں کون سی ٹیم کتنی مضبوط؟

پی ایس ایل کے کوچز، کون کتنا تجربہ کار؟

سرطان کے مریض بچے پی ایس ایل دیکھنے جائیں گے

پاکستان سپر لیگ کے زیادہ تر میچ حسب معمول دبئی اور شارجہ میں کھیلے جا رہے ہیں۔

دبئی میں 18 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ شارجہ 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

لاہور میں ناک آؤٹ مرحلے کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار فائنل کراچی میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل گذشتہ سال لاہور میں کھیلا گیا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ اس بار ’بڑا میچ‘ کراچی میں منعقد کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کے لیے اب محفوظ ملک ہے اور لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی کرکٹ ہو سکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ سال پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں کھیلی جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں شریک غیر ملکی کرکٹرز کی اکثریت اس مرتبہ پاکستان آ کر کھیلنے کے لیے تیار ہے لیکن اگر وہ کسی وجہ سے کراچی نہیں آتے تو ان کے متبادل کھلاڑی بھی تیار ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کو گذشتہ سال سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی وجہ سے بڑا دھچکہ پہنچا تھا جس کے بعد اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ایونٹ کو کرپشن سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔

سپاٹ فکسنگ میں ملوث دو کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف پر پانچ سال کی پابندی عائد کی جا چکی ہے جبکہ دیگر دو کرکٹرز شاہ زیب حسن اور ناصر جمشید کا معاملہ ابھی بھی زیر سماعت ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp