چین: صدر شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ صدر بنانے کی ’کوشش‘


صدر شی

چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی نے آئین میں اس شق کو ختم کرنے کی تجویز دی ہے جس کے تحت ایک شخص مسلسل دو بار ہی پانچ پانچ برس کی مدت کے لیے صدر منتخب ہو سکتا ہے۔

اس تجویز کی منظوری کی صورت میں صدر شی جن پنگ اپنے صدارتت اقتدار کے دو ادوار کے بعد بھی صدر رہ سکیں گے۔ ان کی صدارت کی پہلی مدت رواں برس ختم ہونے والی ہے۔

موجودہ نظام کے تحت صدر شی جن پنگ کی مدت صدارت 2023 کو ختم ہونا ہے۔

چین میں بڑی شدت سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ صدر شی جن پنگ اپنی صدارت کو 2023 کے بعد بھی توسیع دینا چاہتے ہیں۔

صدر شی جن پنگ کے بارے میں مزید پڑھیے

چینی قیادت کیسے منتخب ہوتی ہے

شی جن پنگ، غار سے ایوانِ صدر تک

چین کے صدر شی جن پنگ نے جانشین کا اعلان نہیں کیا

صدر شی جن پنگ چیئرمین ماؤ کی صف میں شامل

حکمراں جماعت کی گذشتہ برس منعقد ہونے والی کانگریس کے دوران صدر شی جن پنگ کو ماؤ زے تنگ کے بعد ملک کے سب سے طاقتور رہنما کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

کمیونسٹ پارٹی کے اجلاس میں ان کی پالیسیوں کو ‘شی جن پنگ کے خیالات’ کے عنوان کے ساتھ پارٹی کے چارٹر میں شامل کیا گیا تھا اور روایت کے برعکس اجلاس کے اختتام پر صدر شی جن پنگ کے جانشین کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بند دروازے میں ہونے والا یہ سربراہی اجلاس ہر پانچ سال بعد منعقد ہوتا ہے جو اس بات کا تعین کرتا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کا اگلا حکمران کون ہو گا۔

1953 میں پیدا ہونے والے صدر شی جن پنگ نے 1974 میں کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور پارٹی میں ترقی کرتے ہوئے 2013 میں اس کے صدر بن گئے تھے۔ صدر شی کے والد کو کمیونسٹ انقلاب کا ہیرو سمجھا جاتا ہے۔

صدر شی جن پنگ نے صدر بننے کے بعد اقتصادی اصلاحات متعارف کرائیں اور انسداد رشوت ستانی کی سخت ترین مہم شروع کی اور حقوق انسانی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ ان پر اس مہم کو مخالفین کو راستے سے ہٹانے کے لیے استعمال کیے جانے کے الزام کا سامنا بھی رہا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ ملک کے آئین میں اس تاثر کو ختم کر دینا چاہیے جس کے تحت عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور نائب صدر مسلسل تیسری بار صدر کے عہدے کے لیے منتخب نہیں ہو سکتے۔

سینٹرل کمیٹی نے اس کے علاوہ مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم مکمل تجویز کو بعد میں جاری کیا جائے گا۔

چین کے سیاسی نظام کے بارے میں پڑھیے

چینی قیادت کیسے منتخب ہوتی ہے

صدر شی

گذشتہ برس کے کانگریس اجلاس کے اعلان میں صدر شی جن پنگ کے جانشین کا نام شامل نہیں ہے جو کہ روایتی طور پر شامل ہوتا ہے

سینٹرل کمیٹی کی جانب سے اعلان کے وقت کا انتخاب اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چین کے نئے قمری سال پر ہونے والی قومی تعطیلات کے بعد پیر کو لوگ چھٹیوں سے واپس کام پر آئیں گے جبکہ جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپکس کے اختتام کے بعد 2022 کے اولمپکس کی مشعل چین کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

سینٹرل کمیٹی میں حکمراں جماعت کے اعلیٰ حکام شامل ہوتے ہیں اور ان کا پیر کو بیجنگ میں اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔

مدت صدارت کے حوالے سے تجویز قانون سازوں کے سامنے پانچ مارچ کو شروع ہونے والے نیشنل کانگریس کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp