برطانیہ میں دھماکہ؛ متضاد اطلاعات


 برطانیہ کے شہر لیسسٹر میں ایک عمارت میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا دھماکے کے وقت عمارت میں کوئی موجود تھا یا نہیں، دھماکے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دھماکے کو ایک بڑے واقعے کے طور پر لے رہے ہیں، شہر میں ایک زور دار دار دھماکے کی اطلاع ہے۔

اس حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں کہ دھماکا ہنکلے روڈ پر واقع ایک پولش دکان میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہوا۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر اور ویڈیو میں ایک عمارت میں آگ لگی ہوئی دیکھی جاسکتی ہے۔ ایمرجنسی سروسز کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ان کے گھر لرز اٹھے اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ لیسسٹر پولیس کے مطابق ہنکلے روڈ پر ایک بڑا واقعہ رونما ہوا ہے، تمام امدادی ادارے اس سے نمٹ رہے ہیں۔

کارلیز اسٹریٹ اور ہنکلے روڈ کا کچھ حصہ بند کردیا گیا ہے جبکہ لوگوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ سے 60 سے زائد گھروں کو خالی کروالیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ ہماری تمام تر توجہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد مہیا کرنے پر مرکوز ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تاحال دھماکے کی نوعیت کا معلوم نہیں ہوسکا تاہم امکان ہے کہ یہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).