واش روم میں گرنے سے موت؛ تفتیش قتل کے زاویے سے بھی ہو گی


بالی ووڈ کی ماضی کی سپر اسٹار سری دیوی کی موت ہوٹل کے واش روم میں گرنے کی وجہ سے ہوئی، ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ شیخ زاید روڈ پر واقع جمیرا ایمرٹس ٹاورز میں مقیم تھیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق سری دیوی کی موت اسپتال منتقلی سے پہلے ہوچکی تھی ۔ دبئی کے اسپتال نے’’رسیوڈ ڈیڈ ‘‘ کی رپورٹ پولیس کو جمع کرادی۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہوٹل کے واش روم میں گرنے سے اُن کی موت واقع ہوئی، رات میں ایمرجنسی میں سری دیوی کو دبئی کے راشد اسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی سری دیوی کے دل کی دھڑکن رک چکی تھی۔اب پولیس سری دیوی کی موت پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے،اماراتی قوانین کے مطابق Received dead کی اسپتال رپورٹ پر موت کی تفتیش قتل کے زاویے سے بھی کی جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کرلیا گیا ہے، رپورٹ سامنے آنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔ادھر انکے خاندانی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سری دیوی کا جسد خاکی اتوارکو کسی وقت دبئی سے ممبئی ان کی رہائش گاہ تک منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور دبئی سے ممبئی واپس آ گئی ہیں ،بونی کپور کے بھائی انیل کپور کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے ،فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترہ ،انوپم کھیر انیل کپور کی رہائش گاہ پہنچے ہیں۔ابھی ان کی آخری رسومات سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).