دنیا میں لینن کے پانچ مجسمے


لینن

انڈیا کی شمال مشرقی ریاست تریپورہ میں جدید روس کے معمار ولادی میر لینن کا مجسمہ پانچ مارچ سنہ 2018 کو گرا دیا گيا۔

مجسمہ گرائے جانے کے دوران انڈیا میں برسر اقتدار جماعت بی جے پی کے حامیوں کی بھیڑ نظر آئی۔

یہ مجسمہ ریاستی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد 48 گھنٹے بعد گرا دیا گیا۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ لینن کا مجسمہ زمیں بوس کیا گيا ہو۔

اس سے قبل یوکرین کے دارالحکومت کیئف میں مظاہرین نے لینن کے مجسمے کو گرا دیا تھا۔

سنہ 1917 میں روسی انقلاب کے ہیرو لینن کا مجسمہ دنیا میں کئی جگہوں پر قائم ہے۔ ہم آپ کو لینن کے پانچ مخصوص مجسموں سے روشناس کراتے ہیں۔

سیئٹل، امریکہ

سیئٹل کے مضافاتی قصبے فریمونٹ میں قائم لینن کا مجسمہ سنہ 1990 کی دہائی کے آغاز میں بنایا گيا تھا۔

انگریزی استاد لوئی کارپینٹر نے اس مجسمے کو سلواکیہ سے یہاں لانے کے لیے اپنا گھر تک رہن رکھ دیا تھا۔

یہ بہت سی فاسٹ فوڈز کی دکانوں کے درمیان نصب ہے اور خصوصی مواقع پر اسے سجایا جاتا ہے۔

انٹارکٹکا

سوویت سائنس دانوں نے دسمبر سنہ 1958 میں قطبِ جنوبی پر امریکہ کے امنڈسن سکاٹ سٹیشن کے قیام کے جواب میں انٹارکٹیکا کے سب سے دور دراز علاقہ پول آف ان ایکسیسبلیٹی میں ایک تحقیقاتی مرکز قائم کیا۔

وہاں سے دو ہفتے بعد رخصت ہونے سے پہلے انھوں نے اس مرکز کی چھت پر لینن کا پلاسٹک کا مجسمہ نصب کیا۔

آج اس مرکز میں صرف لینن کا مجسمہ نظر آتا ہے جبکہ باقی حصہ برف میں دفن ہو چکا ہے۔

آئیلنگٹن، لندن

دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی جرمنی کے خلاف سوویت یونین اور براطانیہ کی دوستی کے موقعے پر لندن کے فینسبری کونسل میں لینن کا مجسمہ قائم کیا گیا تھا۔

اسے روسی فن تعمیر کے ماہر برتھولڈ لوبتکن نے بنایا تھا۔ یہ چند دنوں کے لیے ہالفورڈ چوک میں بھی نصب کیا گیا تھا۔

لینن نے اپنی جلاوطنی کے دوران لندن کے ہولفورڈ چوک کے پاس ہی قیام کیا تھا۔ اس مجسمے کے ساتھ اکثر توڑ پھوڑ ہوتی تھی اس لیے اسے وہاں سے منتقل کر دیا گيا۔ اب یہ مجسمہ آئیلنگٹن میوزیم میں دیکھا جا سکتا ہے۔

تارہنکوٹ، یوکرین

یہ جگہ کیئف سے بہت دور نہیں ہے لیکن سوویت مخالف مظاہرین کے لیے یہاں تک پہنچنا آسان نہیں ہے۔

لینن کا یہ مجسمہ کریمیا کے تارہنکوٹ میں پانی کے نیچے بنے میوزیم میں رکھا ہے۔ اس میوزیم میں کئی سابق سوویت رہنماؤں سے منسلک یادگار اور مجسمے موجود ہیں۔

کاوریاگو، اٹلی

اٹلی کا کاریاگو مغربی یورپ کے ان چند شہروں میں سے ایک ہے جہاں لینن کا مجسمہ نصب ہے۔

بولونگا کے قریب واقع اس شہر کے کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق سنہ 1918 میں سوشلسٹ پارٹی میں لبرل اور قدامت پسندوں کے درمیان شدید بحث چھڑی تھی۔

بالآخر قدامت پسندوں کی جیت ہوئی اور لینن کو 1920 میں شہر کے پہلے اعزازی شہری کی حیثیت دی گئی اور ان کا مجسمہ نصب کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp