125 سالہ تاریخ میں کوکا کولا پہلی بار شراب بنائے گی


کوکا کولا

کولڈ ڈرنکس بنانے والی مشہور کمپنی کوکا کولا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی 125 سالہ تاریخ میں پہلی بار شراب بنائے گی۔

کوکا کولا نے اعلان کیا ہے کہ وہ جاپان میں الکوپوپ یا ذائقہ دار الکوحل بنائے گی۔ اعلان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی جاپان میں ’چو ہی‘ کی مقبولیت کا فائدہ اٹھائے گی۔ ’چو ہی‘ ڈبے میں سپارکلنگ مشروب ہے جس میں مقامی شراب شوچو شامل ہوتی ہے۔

اس مشروب میں تین سے آٹھ فیصد الکوحل ہوتی ہے۔

’ہمیشہ سے شراب پی رہے ہیں، مرے نہیں‘

صحت میں بہتری کے لیے شراب مہنگی کرنے پر غور

’انڈیا میں بڑھتے ہوئے شرابی پائلٹ‘

جاپان میں کوکا کولا کے ایک ایگزیکٹیو نے کہا کہ یہ مشروب بنانے کا مقصد چھونے پیماٹے پر مخصوص مارکیٹ کے لیے مشروب بنانا ہے۔

کوکا کولا جاپان کے صدر جورج گرڈونو نے کہا: ’ہم نے اس سے قبل کم الکوحل لیول والی مشروبات نہیں بنائیں لیکن اپنے مخصوص کاروبار سے باہر نکلنے کی یہ ایک کوشش ہے۔‘

تاہم انھوں نے عندیہ دیا کہ عین ممکن ہے کہ یہ ڈرنک جاپان کے علاوہ کسی اور ملک میں متعارف نہ کی جائے۔

شوچو ہائی بال

’چو ہی‘ شوچو ہائی بال کا مخفف ہے اور اس کو بیئر کے متبادل کے طور پر فروخت کیا جاتا ہے۔ یہ مشروب خواتین میں بہت مقبول ہے۔

جاپان کی مشروبات بنانے والی بڑی کمپنیاں کیرن، سنٹوری اور آساہی مختلف ڈرنکس بناتی ہیں اور وہ مسلسل نئے نئے ذائقے متعارف کروانے کی کوشش میں لگی رہتی ہیں۔

جیسے جیسے نوجوان نسل صحت کے بارے میں فکرمند ہوتی جا رہی ہے کوکا کولا فزی ڈرنکس سے پانی اور چائے کی جانب بھی بڑھ رہی ہے۔

گذشتہ نومبر ویلز فارگو کے تجزیہ کار بونی ہرزوگ نے قیاس آرائی کی تھی کہ کوکا کولا شاید الکوحل بنانا شروع کر دے۔

واضح رہے کہ ایلکوپوپ سے مراد عام طور پر میٹھی لیکن الکوحل ڈرنک لی جاتی ہے۔ 90 کی دہائی میں ہوچ، ریف، سمرنوف آئس اور بکارڈی بریزر بہت مشہور ہوئی تھیں۔

تاہم ان ڈرنکس کے بارے میں تنازع یہ تھا کہ ان ڈرنکس کی وجہ سے نوجوان نسل میں شراب نوشی میں اضافہ ہو رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp