امریکہ: میامی میں زیر تعمیر پل گر گیا، ’ہلاکتوں کا خدشہ‘


Emergency personnel works on a collapsed pedestrian bridge on the Florida International University in Miami, Florida.

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں پیدل سڑک عبور کرنے کے لیے نصب کیا گیا زیر تعمیر پل گر گیا ہے اور اس واقعے میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ پل میامی میں فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نصب کیا گیا تھا جس کا مقصد یونیورسٹی کو ہاسٹل سے ملانا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں پل کے ڈھانچے کو سڑک پر پڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

فلوریڈا ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں لاکتوں کا خدشہ ہے لیکن ابھی اس کی تعداد کی تصدیق نہیں کی جا سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے دبنے والی آٹھ گاڑیوں میں موجود افراد کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

امدادی کارکن ملبے کے نیچے دبے افراد کو نکالنے کو کوشش کر رہے ہیں۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اب تک کم سے کم آٹھ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ دو افراد کو ملبے کے نیچے سے نکالا گیا ہے۔

View of the collapsed pedestrian bridge on the Florida International University in Miami, Florida.

امریکی سینیٹر بل نیلسن نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس واقعے میں چھ سے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن مقامی انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ گاڑیوں سے آنے والی چیخیں ‘ہولناک’ تھیں۔

ٹیاونا پیج نے کہا کہ ‘جیسے ہی میں نے باہر دیکھا، ہر طرف گرد اڑ رہی تھی، مجھے معلوم ہوا کہ پل گر گیا ہے۔’

ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اس حادثے سے آگاہ ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو درکار معاون بھجوایں گے۔

861 ٹن وزرنی پل کو گذشتہ ہفتے ہی نصب کیا گیا تھا۔

طالب علموں کی درخواست کے بعد پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے نصب کیے گئے اس پل کے ذریعے یونیورسٹی اور ہوسٹل کو ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا ہے۔

فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلبہ کو ہائی وے عبور کر کے ہوسٹل میں جانا پڑتا ہے۔ اس سے قبل اگست 2013 میں گاڑی کی ٹکر سے ایک طالبِ علم ہلاک بھی ہو گیا تھا۔

پل بنانے والی تعمیراتی کمپنی نے اپنی ٹویٹ میں اس حادثے سے متاثر ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

کمپنی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ‘ہم اس بارے میں مکمل تحیقات کریں گے کہ غلطی کہاں ہوئی ہے۔’

کیبل سے منسلک کیے گئے 174 فٹ طویل پل کا افتتاح 2019 میں ہونا تھا۔ اس کی تعمیر پر ایک کڑوڑ 42 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp