کیا اب بولرز بھی ہیلمٹ پہن کر بولنگ کریں گے؟


کرکٹ

مقامی کرکٹ ٹیم اوٹاگو وولٹس کے بولر وارن بارنس

نیوزی لینڈ کے ایک کرکٹر حفاظتی ہیلمٹ پہن کر بولنگ کرواتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ‘یہ کچھ وقت کی ہی بات ہے’ جب کرکٹ انتظامیہ بولرز کی حفاظت کے لیے بندوبست شروع کر دے گی۔

مقامی کرکٹ ٹیم اوٹاگو وولٹس کے بولر وارن بارنس نے ایک ماسک نما ہیلمٹ گذشتہ سال دسمبر میں شروع کیا جب پریکٹس سیشنز میں کئی مواقع آئے جب گیند ان کے چہرے کے بہت قریب سے گزری۔

25 سالہ بارنس نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اس آئیڈیا میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انھوں نے کہا: ’بلے بازوں اور امپائرز کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں اور بولرز کی باری ہے۔‘

ہیلمیٹ بنانے والی کمپنیوں نے نومبر 2014 میں آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز کی موت کے بعد ہیلمیٹ کے ڈیزائن میں تبدیلیاں متعارف کرائیں تھیں جب وہ شارٹ پچ گیند گردن پر لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی سنہ 2015 میں لوہے کی جالی لگے ہوئے ہیلمیٹ کو لازمی قرار دیا تھا۔ اس حکم کی ضرورت اس وقت محسوس ہوئی تھی جب انگلینڈ کے سٹوارٹ براڈ اور کریگ کئیس ویٹر کے چہرے پر گیند لگی تھی۔

کرکٹ

2014 میں انڈیا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے سٹوارٹ براڈ کے چہرے پر گیند لگی تھی

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بارنس نے کہا: ’ٹی 20 میں خاص طور حکام نے کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ بولرز گیند کے سب سے قریب ہوتے ہیں اور سب سے زیاد خطرہ ان کو ہوتا ہے۔ یہ بہت جلد ممکن ہے کہ بولرز کے لیے بھی حفاظتی اقدامات لیے جائیں۔‘

بارنس نے بتایا کہ ان کے کوچ راب والٹر نے ان کے بولنگ ایکشن کو دیکھتے ہوئے انھیں ماسک پہننے کا مشورہ دیا۔

’میں جس انداز میں گیند کرتا ہوں اس کے بعد میرا چہرا نیچے رہتا ہے اور جب بلے باز شاٹ کھیلتا ہے تو میں اس وقت تک گیند کو نہیں دیکھ پاتا۔ اس پر میرے کوچ نے مجھے ماسک پہننے کا مشورہ دیا۔‘

انھوں نے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا: ’شروع شروع میں مجھے ماسک پہن کے بولنگ کرنے میں دشواری ہوئی تھی۔ میں نے نیٹس میں اسے پہن کر بولنگ شروع کی تو اس وقت کافی دقت ہوئی تھی تو میں اپنے ماسک ڈیزائنر کے پاس دوبارہ لے گیا۔ اس نے کچھ تبدیلیاں کیں جس کے بعد اب یہ ٹھیک ہو گیا ہے۔‘

بارنس نے کہا کہ یہی سب سے اچھا موقع ہے جب بولرز کے لیے حفاظتی سامان کا بندوبست کیا جانا چاہیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp