غیرملکی کرکٹرز میں کون پاکستان جائے گا کون نہیں؟


اوئن مورگن

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والے غیرملکی کرکٹرز کو پاکستان جانے کے لیے ذہنی طور پر تیار کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

اس ضمن میں بین الاقوامی سکیورٹی ماہر ریگ ڈکیسن دبئی پہنچے ہیں جہاں انھوں نےجمعہ کے روز متعدد غیرملکی کرکٹرز سے ملاقات کی ہے ۔ وہ ہفتے کو اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز سے ملاقات کرکے انھیں پاکستان میں سکیورٹی کے سلسلے میں بریفنگ دینے والے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دو میچز بیس اور اکیس مارچ کو لاہور میں ہونے والے ہیں جبکہ کراچی پچیس مارچ کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز میں جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی انگلینڈ کے سمت پاٹل نیوزی لینڈ کے لیوک رانکی اور ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ پاکستان جانے کے لیے تیار ہیں البتہ انگلینڈ کے الیکس ہیلز۔اسٹیون فن اور سیم بلنگز پاکستان جانے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جو اپنا ناک آؤٹ میچ بیس مارچ کو پشاور زلمی کے خلاف لاہور میں کھیلے گی غیرملکی کرکٹرز کے پاکستان نہ جانے سے سب سے زیادہ متاثر ہوگی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل کیون پیٹرسن اور رائلے روسو پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

شین واٹسن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل کیون پیٹرسن اور رائلے روسو پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

گذشتہ سال بھی یہ دونوں کرکٹرز فائنل کھیلنے لاہور نہیں گئے تھے جس کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بہت نقصان ہوا تھا اور اسے غیرمعروف کرکٹرز کا سہارا لے کر فائنل کھیلنا پڑا تھا جس میں اسے پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کراچی کنگز کی کپتانی کرنے والے انگلینڈ کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان اوئن مورگن نے بھی پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انھوں نے اس کی وجہ یہ بتائی ہے کہ وہ اس سیزن میں مسلسل کھیلنے کے بعد اب کچھ وقت آرام کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی کنگز کے دیگر غیرملکی کرکٹرز کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ سب پاکستان جارہے ہیں ان میں کالن انگرم، جو ڈینلی، ٹائمل ملز، روی بوپارا اور لینڈل سمنز شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کپتان ڈیرن سیمی سمیت تمام غیرملکی کرکٹرز ہفتے کی شب دبئی سے لاہور روانہ ہو رہے ہیں۔ ان کرکٹرز میں لائم ڈاسن ، کرس جارڈن اور ڈوئن اسمتھ شامل ہیں۔

پشاور زلمی نے گذشتہ سال لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل ڈیرن سیمی کی قیادت میں جیتا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp