سلمان احمد: ’عامر لیاقت لوگوں سے معافی مانگیں‘


ماضی کے مشہور پاکستانی میوزک بینڈ وائٹل سائنز کے رکن اور راک سٹار سلمان احمد نے کہا ہے کہ ایک مسلمان اور سیاستدان کی حیثیت سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ انھوں نے جنید جمشید پر توہین مذہب کا غلط الزام لگا کر لاکھوں لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا تھا۔

متنازع عامر لیاقت اور پی ٹی آئی پر دوہرا دباؤ

گذشتہ روز عامر لیا قت حسین کی پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کے تناظر میں بی بی سی کے شجاع ملک سے بات کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت حسین نے جنید جمشید کی والدہ کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے تھے وہ دُہرائے نہیں جا سکتے۔

سلمان احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم کسی سیاستدان کو یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ مذہب کو توڑ مروڑ کر پیش کرے اور اسے اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرے۔ پہلے ہی، ملک میں نفرت پھیلانے اور توہین مذہب کے جھوٹے الزامات کے وجہ سے بہت سے لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔‘

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سلمان احمد نے مزید کہا کہ عامر لیاقت کو چاہیے کہ وہ ایک پاکستانی ہیرو پر جھوٹا الزام لگانے اور مذہب کو سیاسی اور ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر لوگوں کے سامنے جنید جمشید کے خاندان اور عوام سے معافی مانگیں۔ ’ہم پاکستان میں اسلام کو اس طرح مسخ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، کیونکہ پاکستان میں توہین مذہب کا الزام لگانا ایک سنجیدہ اور خطرناک معاملہ ہے۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز سلمان احمد نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹویٹ بھی کی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ دنیا کے سامنے پینتیس سال تک عمران کا دفاع اور حمایت کرنے اور اور ان کی بات کو درست کہنے کے بعد اب میں ایسا نہیں کر سکتا۔ مجھے خدشہ ہے کہ عمران کو خوشامدیوں نے گھیر لیا ہے۔‘

سلمان احمد کا شمار عمران خان کے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے اور وہ ایک طویل عرصے سے ان سے منسلک ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سابق وزیرِ مملکت اور نیوز اینکر عامر لیاقت حسین نے تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے جس کا اعلان پیر کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ان الفاظ میں کیا تھا کہ ‘میرا آخری مقام پی ٹی آئی تھا۔’

اس خبر نے سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب کے بعد سے دباؤ کا شکار پی ٹی آئی کو بیرونی ہی نہیں اندرونی طور پر بھی مزید دباؤ کا شکار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے کئی کارکن اعلانیہ اس فیصلے کے خلاف نہ صرف اظہارِ رائے کر رہے ہیں بلکہ کچھ نے تو پارٹی کے ساتھ اپنے تعلق کو ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

بڑی تعداد میں لوگوں نے عامر لیاقت کے دو ہفتے قبل شو کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ عمران خان کی ذاتی اور سیاسی زندگی پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp