ایم کیو ایم : فاروق ستار نے کنوینر شپ سے ہٹانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر دیا


فاروق ستار

انتشار کی شکار سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کنوینر شپ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اُن کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے اور درخواست کی سماعت جمعرات کو ہو گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

فاروق ستار نے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی کے عہدہ سے انھیں ہٹانے کا فیصلہ ’غیر قانونی اقدام‘ ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فاروق ستار کے مخالف دھڑے بہادر آباد گروپ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر شپ کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

یاد رہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم اور اُس وقت پارٹی کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی تھی۔

مائنس فاروق ستار فارمولا؟

’غداری کے جرم میں فاروق ستار ایم کیو ایم سے خارج‘

’ایم کیو ایم لندن سے انضمام ناممکن ہے‘

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے بہادر آباد گروپ کی قیادت خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری اور کنور نوید جمیل کر رہے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ہیں۔

الیکشن کمیشن میں فاروق ستار کی کنوینر شپ کے خلاف درخواست ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کی جانب سے دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر فاروق ستار کے مخالف دھڑے کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے قبول کیا تھا جبکہ فاروق ستار کی جانب سے پارٹی کے اندرونی معاملات میں الیکشن کمیشن کے دائرۂ اختیار کے بارے درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے بات کرتے اسے ’سیاہ فیصلہ‘ قرار دیا تھا۔ انھوں نے اس فیصلے کو ’غیر قانونی اور غیر آئینی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کبھی بھی پارٹی کے اندرونی معاملات پر فیصلے نہیں سناتی ہے۔

یاد رہے الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر کے بعد 23 اگست 2016 کو فاروق ستار نے الطاف حسین سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کی بنیاد رکھی تھی۔

الطاف حسین سے علیحدگی کے بعد سے اب تک پارٹی میں قیادت کا فقدان ہے اور ڈاکٹر فاروق ستار پارٹی کو متحد رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ ایم کیو ایم اب مختلف دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے اور ایم کیو ایم کے اراکین پیپلز پارٹی اور پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp