وطن کی بیٹی اپنے آنگن میں واپس آتی ہے


سوات کو ساڑھے پانچ سال بعد اس کی گل مکئی مل گئی، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی والدین اور بھائی کے ہمراہ مینگورہ پہنچ گئیں، ملالہ یوسفزئی اپنے آبائی گھر پہنچنے پر آبدیدہ ہوگئیں۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اسلام آباد سے اپنے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے آبائی علاقے سوات پہنچیں۔ اس موقع پر ملالہ کے والد، والدہ اور بھائی بھی ساتھ تھے جبکہ وزیر مملکت مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ملالہ یوسف زئی کی سوات آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اہم راستوں پر سکیورٹی اہلکار بھی تعینات تھے۔

ساڑھے پانچ سال بعد جونہی ملالہ نے اپنے گھر قدم رکھا تو جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔ گل مکئی نے اپنے رشتے داروں اور سہیلیوں کے ساتھ وقت گزارا اور ماضی کی یادیں تازہ کیں۔ بعد میں ملالہ نے سوات کیڈٹ کالج کا بھی دورہ کیا، انہوں نے کالج سٹاف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گل مکئی نے کہا ساڑھے پانچ سال کے بعد سوات آنے پر بے حد خوش ہوں۔ انہوں نے شاندار استقبال پر کالج سٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملالہ یوسفزئی نے سوات کیڈٹ کالج میں طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تعلیم مکمل کرنے کے بعد سوات واپس آونگی، سوات آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا سوات جنت کا ٹکڑا ہے پوری دنیا میں ایسی جگہ نہیں ہے، سوات میں فورسز کی قربانیوں کے بعد امن آیا ہے، اپنے گھر پہنچ کر بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو 9 اکتوبر 2012ء میں منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن دہشتگرد اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انھیں شدید زخمی حالت میں برطانیہ پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ پوری دنیا میں ان پر حملے کے بعد شدید مذمت کی گئی۔ خواتین خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کی بہادری کے صلے میں انھیں نوبل انعام سے بھی نوازا جا چکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).