رنز نہ ہوں تو پریشان ہوجاتا ہوں: بابر اعظم


بابراعظم نے جب فرسٹ کلاس کرکٹ شروع کی تھی تو ان کے چچازاد بھائی کامران اکمل اور عمراکمل انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے تھے اور اس وقت وہ یقیناً یہی سوچ رہے ہونگے کہ وہ بھی ان دونوں بھائیوں کی طرح پہچانے جائیں۔ آج کامران اکمل اور عمراکمل کا بین الاقوامی کریئر بے یقینی صورتحال سے دوچار ہوچکا ہے لیکن بابراعظم تینوں فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں۔

بابراعظم کی بیٹنگ کے انداز پر کچھ لوگ یہ تبصرہ کرتے ہیں کہ ٹیم کے بجائے وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں۔ اس ضمن میں ان کے سٹرائیک ریٹ کا حوالہ بھی دیا جاتا ہے لیکن بابراعظم کو اس کی پروا نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھی پاکستان کے نام

بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ کیوں کھیلتے ہیں؟

بابر اعظم پہلی بار دس بہترین بلے بازوں میں شامل

’میں کسی کی سنتا نہیں ہوں کہ لوگ کہہ رہے ہیں۔ میرا اپنا رول ہے کہ ٹیم مجھے جو رول دیتی ہے میں اس کے مطابق کھیلتا ہوں۔ میرے کوچ کا پلان ہوتا ہے کہ میں اپنا قدرتی کھیلوں اور اننگز کے آخر تک کھیلوں۔ لوگوں کا کام بولنا ہے۔ ہمارا کام کھیلنا ہے اور میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ سو فیصد کارکردگی دکھاؤں۔‘

بابراعظم نے حالیہ پاکستان سپر لیگ میں پانچ نصف سنچریاں بنائیں لیکن ان میں سے چار ان میچوں میں سکور کیں جن میں کراچی کنگز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

’بدقسمتی سے ان میچوں میں ٹیم جیت نہ سکی لیکن مجھے ان اننگز سے کافی اعتماد ملا تھا جو ویسٹ انڈیز کے خلاف ستانوے رنز کی اننگز میں کام آیا۔‘

بابراعظم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری مکمل نہ کرنے کا بہت دکھ ہے۔

’جس طرح میں نے سوچا تھا کہ سنچری کرنی ہے وہ نہ ہوسکی۔ میں نے چانس لیا لیکن چند گیندوں کو میں صحیح طور پر استعمال میں نہیں لاسکا جس کی وجہ سے میں سنچری مکمل نہ کرسکا۔‘

بابراعظم بھارتی بیٹسمین ویراٹ کوہلی سے اپنے موازنے کو حقیقت پسندانہ نہیں سمجھتے۔

’ویراٹ کوہلی لیجنڈ ہیں۔ میں ان کے قریب بھی نہیں ہوں۔ میرا کام یہ ہوتا ہے کہ میں ان کا مقابلہ کروں لیکن وہ بہت اوپر ہیں۔کوشش کرتا ہوں کہ ان جیسی پرفارمنس دوں کہ میری ٹیم جیتے۔‘

بابراعظم تینوں فارمیٹس میں کھیلنے پر کسی قسم کا دباؤ محسوس نہیں کرتے۔

’میں ہر فارمیٹ کے لحاظ سے ٹریننگ کرتا ہوں۔ سب سے زیادہ توجہ میں اپنی فٹنس پر دیتا ہوں۔ کوشش کرتا ہوں کہ مستقل مزاجی سے رنز کروں کیونکہ جب مجھ سے رنز نہ ہوں تو بڑی پریشانی ہوتی ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp