پہلی فلم کے بارے میں سوچ کر دپیکا کے رونگٹے کیوں کھڑے ہوتے ہیں؟


بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون ہندی سینما میں ایک کے بعد ایک بہترین فلموں کے ساتھ آگے بڑھتی جارہی ہیں۔

تاہم وہ اپنی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کو کیریئر کے لیے بہترین انتخاب مانتی ہیں۔

فلم فیئر کو دیے ایک انٹرویو میں دپیکا پڈوکون نے اپنی ڈیبیو فلم اور یہ جوانی ہے دیوانی سے حاصل ہونے والی مقبولیت کے حوالے سے بات کی۔

دپیکا پڈوکون نے بتایا کہ انہوں نے 2013 میں ایک بڑے سپر اسٹار کی فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تھا، جبکہ اس دوران انہوں نے رنبیر کپور کے ہمراہ فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ سائن کی۔

اس حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ ’میں نے اس فلم کو انکار کرنے کے بعد یہ جوانی ہے دیوانی سائن کی اور میں بےحد خوش ہوں کہ میں نے ایسا کیا، یہ مجھے ملنے والی بہترین فلم تھی، اور یہ اس بات کی مثال بھی ہے کہ جب کچھ ہوتا ہے تو اس کے پیچھے ہمیشہ کوئی وجہ ہوتی ہے‘۔

یہ کہنا بھی غلط نہیں ہوگا کہ دپیکا پڈوکون اپنے کیریئر کے حوالے سے کافی خوش قسمت رہی ہیں، جس کی ایک مثال ان کی ڈیبیو فلم ’اوم شانتی اوم‘ تھی۔

اپنی ڈیبیو فلم کے حوالے سے دپیکا نے بتایا کہ انہیں بغیر کسی اسکریننگ اس فلم میں کاسٹ کیا گیا، جبکہ فرح خان اور شاہ رخ خان نے پوری شوٹنگ کے دوران انہیں کام سکھایا۔

دپیکا کے مطابق ’میں نے اس سے قبل کسی فلم سیٹ پر کام نہیں کیا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ کہاں دیکھوں، ڈائیلاگس کیسے بولوں، کس طرح برتاؤ کروں، میں کچھ بھی نہیں جانتی تھی، لیکن شاہ رخ اور فرح نے اس پورے دوران میری بہت مدد کی‘۔

خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون نے اپنی پہلی فلم میں ڈبل رول کیا تھا، اور اداکارہ اس وجہ سے بھی خود کو کافی خوش قسمت سمجھتی ہیں۔

دپیکا نے بتایا کہ ’مجھے اپنی پہلی ہی فلم میں ڈبل رول ملا، میں آج بھی اس کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، آخر انہوں نے مجھ پر اتنا بھروسہ کیسے کیا تھا، میرے پاس تو کوئی تجربہ بھی نہیں تھا، مجھے آج بھی یہ سوچ کر حیرت ہوتی ہے‘۔

خیال رہے کہ اپنی شاندار پرفارمنسز کے ساتھ ساتھ دپیکا پڈوکون اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی خبروں میں موجود ہیں۔

ان کی اور اداکار رنویر سنگھ کی شادی کی قیاس آرائیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، تاہم جب اداکارہ سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ سنگل ہیں۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون کی آخری ریلیز فلم ’پدماوت‘ میں اداکارہ کے کام کو خوب سراہا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).