پروین بابی پاگل کیوں ہوئیں؟


بھارتی اداکارہ ’پروین بابی‘ کو آج ان کے 69 ویں یوم ولادت کے موقع پر مداحوں کی جانب سے یاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نےبے شمار سپر ہٹ فلموں میں نہ صرف کام کیا بلکہ ان فلموں نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ فلمی شائقین کی چہیتی اداکارہ بن گئیں۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی پروین بابی کو جب سب سے زیادہ اپنے مداحوں کی ضرورت تھی تو کسی نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔۔ مگر کیوں ؟

70کی دہائی میں بالی ووڈ پر پروین بابی کی حکمرانی قائم رہی اس کے علاوہ انہوں نے سہی معنوں میں ایک ہیروئن کی تصویر لوگوں کو دکھائی۔ وہ جب جب اسکرین پر آئیں لوگوں نے ان کو پسند کیا۔ انہوں نے اپنی فلموں میں منفرد کردار ادا کیے جو بعد میں ’ٹرینڈ‘ بن گئے اور تب ہی وہ ’رجحان ساز‘ کہلائی جانے لگیں۔

پروین بابی کویہ اعزازبھی حاصل ہے کہ وہ پہلی بھارتی اداکارہ ہیں جن کی تصویر ’ٹائم‘ نامی امریکی میگزین کے’ فرنٹ پیج‘پر شائع ہوئی۔ آج ساری دنیا ان کی کامیابی کا ذکر تو کرتی ہے مگر یہ بات بہت کم لوگ ہی جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات کا سامنا کس طرح کیا۔

ہمارے جیسے معاشرے میں کسی کو بھی آسمان پر بیٹھا دینا اور پھر ایک ہی جھٹکے میں گرا دینا بہت آسان ہے ایسا ہی پروین بابی کے ساتھ ہوا جب ان ہی کے مداح انہیں پاگل کہنے لگے لیکن یہ بات درست بھی ہےکہ انہیں پاگل پن کے دورے پڑتے تھے۔

سن 80 کی دہائی میں وہ مختلف دماغی امراض میں مبتلا ہوگئیں تھیں جس کے سبب ان کے قریبی ان سے دوری اختیار کرنے لگے۔ پروین بابی کی جانب سے متعدد بالی ووڈ اور ہالی ووڈ فنکاروں پر یہ الزام بھی لگایا کیا تھاکہ وہ انہیں قتل کرنا چاہتے ہیں جبکہ تحقیق کے بعد ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔

ہدایت کار مہیش بھٹ ،کبیر بیدی اور ڈینی یہ تینوں وہ اداکار ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ پروین بابی کے ساتھ وقت گزارا اور انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے وہ دماغی مرض میں مبتلا ہیں۔

پروین بابی کے انتقال کے بعد ہدایت کار مہیش بھٹ نے ان کی زندگی پرمبنی فلم ’وہ لمحے‘ بنائی جس میں انہوں نے پروین بابی کو زندگی سے لڑتے دکھایا ہے۔ اس فلم میں پروین بابی کا کردار اداکارہ ’کنگنا رناوٹ‘ نے نبھایا ہے۔

آخری دنوں میں انہیں موٹاپے کے باعث ذیابطیس ہوگیا تھا جو شاید ان کی موت کی وجہ بنا۔ ان کی موت سے زیادہ افسوس ناک بات یہ تھی کہ لاکھوں دلوں کی دھڑکن رہنے والی پروین بابی کو جب لوگوں کی مدد کی ضرورت تھی تو کوئی ان کا ساتھ دینے نہیں آیا اور وہ تنہا ایک فلیٹ میں زندگی بسر کرنے لگیں اور ایک دن اچانک وہ اس دنیا سے چل بسیں۔

پروین بابی کو ان کی پر کشش شخصیت کے باعث ہمیشہ یاد رکھا جائے گا لیکن ان کی المناک موت بھی کبھی کوئی بھلا نہیں سکتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).