کینسر کا شکار کے آر کے آخری ایام میں کیا کرنا چاہتے ہیں؟


بالی ووڈ فلموں پر بے لاگ تبصروں اور متنازع بیانات دینے والے کمال راشد خان پیٹ کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بالی ووڈ فلموں پر تبصرے اور سپر اسٹارز پر نامناسب الفاظ میں تنقید کرنے والے بھارتی تجزیہ کار و اداکار کمال راشد خان جو کے آر کے کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں،  پیٹ کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں جس کی تصدیق انہوں نے خود سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی جاری کردہ پریس ریلیز میں کی۔

کمال راشد خان نے اپنے ٹوئٹ میں کینسر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں تیسرے درجے کے پیٹ کے کینسر میں مبتلا ہوں اور میرے پاس زندہ رہنے کے لئے صرف ایک سے ڈیڑھ سال کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اب کسی کی ہمدردی کی بھی ضرورت نہیں جب کہ میں اب بھی اُن لوگوں کی حوصلہ افزائی کروں گا جو مجھے گالیاں ،نفرت اور پیار کرتے ہیں۔

کمال راشد نے کہا کہ مجھے صرف دو باتوں کا افسوس رہے گا ایک تو یہ کہ میں بطور پروڈیوسر ایک اچھی سی فلم بناتا اور دوسرا یہ کہ میں امیتابھ بچن کے ساتھ فلم میں کام کرتا اور اُن کے ساتھ ایک فلم بناتا، انہوں نے دکھی انداز میں کہا کہ میں زندگی کے آخری ایام اپنی فیملی کے ساتھ گزار چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ کمار راشد اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں اور گزشتہ کئی روز سے اپنا اکاؤنٹ بند ہونے کے بعد ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).