اسرائیل اور سعودی عرب کا دشمن ایک ہے: سعودی ولی عہد


سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اورسعودی عرب کا مشترکہ دشمن ایک ہی ہے، مسئلہ فلسطین حل ہونے کے بعد اسرائیل سےتعلقات فوری بحال ہوسکتے ہیں، قطر کے سابق وزیر اعظم حمد بن جاسم نے بھی اسرائیل کو اپنی زمین میں رہنے کا حق تسلیم کرلیا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہےکہ اسرائیل اورسعودی عرب کا دشمن اور ان کے مفادات ایک ہی ہیں۔ امریکی میگزین کو ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر مسئلہ فلسطین حل ہو جائے تو اسرائیل سےتعلقات فوری بحال ہو سکتے ہیں، اس سے قبل وہ کہہ چکے ہیں کہ فلسطینیوں کی طرح اسرائیلیوں کو بھی اپنے وطن کا حق ہے۔
سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو لکھے گئے ایک خفیہ خط سے پتہ چلا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سعودی عرب اسرائیل کو بہت زیادہ رعایتیں دے سکتا ہے، جس میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل حل کرنا اور بیت المقدس کی آزادی شامل ہوگی، اس کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات بحال ہوجائیں گے اور وہ دونوں اپنے مشترکہ ہدف ایران پر توجہ دیں گے۔
ادھر قطر کے سابق وزیر اعظم حمد بن جاسم نے بھی اسرائیل کے اپنی زمین میں رہنے کا حق تسلیم کر لیا ہے۔ سابق قطری وزیراعظم نے کہا کہ وہ برسوں سے اس بات کو مانتے ہیں کہ اسرائیلیوں کواپنی زمین پر رہنے کا حق ہے، قطری رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ خطے میں اپنے خراب تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).