شعیب ثانیہ نے اپنے ہونے والے بچے کا نام بتادیا


بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستان کرکٹر شعیب ملک کا شمار پاک بھارت کی خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا ہے۔  اب ان کے چاہنے والوں کا انتظار ختم ہوا کیونکہ خود ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ انہوں نے اور ان کے شوہر شعیب ملک نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے ہونے والے بچے کا خاندانی نام ’’مرزاملک‘‘ ہوگا

بھارتی شہر گوا میں ’’گوا فیسٹ 2018‘‘کی تقریب میں صنفی تعصب کے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی اور مستقبل کے بارے میں کئی رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر شعیب ملک چاہتے ہیں کہ ہمارے گھر بیٹی ہو، لیکن ہم دونوں نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ ہمارے گھر جب بھی اولاد ہوگی اس کا خاندانی نام صرف ملک نہیں بلکہ ’’مرزا ملک‘‘ہوگا۔ تقریب کے دوران ثانیہ نے صنفی تعصب کے حوالے سے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا ہم دوبہنیں ہیں، میں نے کئی بار رشتے داروں کو اپنے والدین سے کہتے سنااگر ہمارے گھربیٹا ہوتاتو ہمارا خاندانی نام آگے بڑھتا۔ تاہم ہم دونوں بہنوں کو بھائی کی کبھی خواہش نہیں ہوئی، یہاں تک کہ میں اپنے رشتے داروں سے اس بات پر لڑتی تھی کہ وہ کیوں ہمارے والدین پرزور دیتے ہیں کہ ہمارے گھر بیٹا ہو۔ ہمیں ہمارے خاندانی نام کو آگے بڑھانے کیلئے بیٹے کی ضرورت نہیں۔

ثانیہ نے مزید کہا شادی کے بعد میں نے اپنا خاندانی نام تبدیل نہیں کیااور ابھی تک مجھے ثانیہ مرزا کے نام سے ہی پکارا جاتا ہےاور اس طرح ہمارا خاندانی نام آگے بڑھ رہا ہے۔ ٹینس اسٹار کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کے مقابلے میں آج بھی خواتین اور مردوں میں پیسوں کی تقسیم پر امتیاز برتا جاتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).