کوئٹہ: عیسیٰ نگری پر حملے میں دو ہلاک، مسیحی برادری کا احتجاج


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر حملہ ہوا ہے جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور ایک بچے سمیت تین زخمی ہوئے ہیں۔ اتوار کی شام یہ حملہ بروری روڈ سے متصل عیسیٰ نگری میں کیا گیا۔ بروری روڈ پولیس سٹیشن کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ حملہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کیا۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق حملے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اور زخمی شخص بھی چل بسا۔ اس حملے کے بعد مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد مشتعل ہو گئے اور انھوں نے ٹائر نذر آتش کر کے بروری روڈ کو بند کر دیا۔ مشتعل مظاہرین نے بولان میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ حادثات کا دروازہ بھی توڑ دیا۔

کوئٹہ شہر میں رواں ماہ کے دوران مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل کوئٹہ شہر میں شاہ زمان روڈ پر بھی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر حملہ کیا گیا تھا۔ شاہ زمان روڈ پر ہونے والے حملے میں ایک خاتون سمیت کم از کم چار افراد ہلاک اور ایک بچی زخمی ہوئی تھی۔

ہلاک ہونے والے ان تین افراد کا تعلق لاہور سے تھا جو کہ ایسٹر منانے کے لیے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کوئٹہ آئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp