شاہ رخ خان کے ساتھ تعلقات؛ پریانکا بول پڑیں


 نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے شاہ رخ خان کے ساتھ تعلقات اور کرینہ کپور کے ساتھ دشمنی کی افواہوں سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
 اداکارہ پریانکا چوپڑا کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، پریانکا نے بالی ووڈ کے ساتھ ہالی ووڈ میں بھی اپنی اداکاری کا سکہ جمایا ہے تاہم اپنے کیریئر کے دوران انہیں کئی اسکینڈلز کا سامنا بھی رہا ہے، جس کے بارے میں پریانکا عام طور پر بات کرنا پسند نہیں کرتیں۔

کیریئر کی ابتدا ہی میں پریانکا چوپڑا اور کرینہ کپور ایک دوسرے کی سخت حریف بن گئی تھیں۔ فلم ’’اعتراض‘‘ کے بعد دونوں کی دشمنی میں مزید اضافہ ہوگیا تھا اور دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

فلم’’ہیروئن‘‘کی ریلیز کے بعد کرینہ نے پریانکا پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فلم پریانکا کی فلم’’فیشن‘‘سے کہیں زیادہ بہتر ہے کیا ہوا اگراس نے نیشنل ایوارڈ نہیں جیتا جس پر پریانکا نے کرینہ کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کرینہ پر انگور کھٹے ہیں والی مثال فٹ بیٹھتی ہے کیونکہ جب کسی کو کوئی چیز نہیں ملتی تو وہ ایسا ہی کہتا ہے۔

ایک شو کے دوران پریانکا نے کرینہ کے ساتھ اپنی دشمنی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا میں بہت ایمان دار ہوں اور مجھے معلوم ہے کون میرا دوست ہے اور کون نہیں جو لوگ میرے دوست ہیں انہیں میں خود سے قریب رکھتی ہوں۔

اسی شوکے دوران انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ان تمام افواہوں کی تصدیق یا تردید نہیں کروں گی جو میرے اور شاہ رخ خان کے متعلق میڈیا میں گردش کرتی رہتی ہیں، کیونکہ ہم عوامی شخصیات ہیں اور یہ تمام افواہیں اور اسکینڈلز ہماری زندگی کا حصہ ہیں۔ ہماری زندگیوں میں کیا چل رہا ہے لوگوں کو یہ جاننے کا حق ہے۔ چاہے وہ ان افواہوں پر یقین کرتے ہیں یا نہیں، میرے تردید کرنے سے یہ افواہیں غلط ثابت نہیں ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ فلم ’’ڈان2‘‘کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ پریانکا چوپڑا اور شاہ رخ خان کے درمیان قربتوں کی افواہیں میڈیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھیں۔ ان افواہوں کی وجہ سے ’’ڈان2‘‘ کے بعد یہ دونوں اداکار ایک ساتھ کسی فلم میں نظر نہیں آئے تاہم پریانکا نے کبھی اپنے اور شاہ رخ خان کے درمیان تعلقات کی تردید نہیں کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).