نگران وزیراعظم کے لیے تحریک انصاف نے عشرت حسین اور تصدق جیلانی کو نامزد کر دیا


پاکستان، عشرت حسین

ڈاکٹر عشرت حسین ماضی میں پاکستان کے سٹیٹ بینک کے گورنر رہ چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اور ماہر معاشیات عشرت حسین کا نام تجویز کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر نعیم الحق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نگراں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

بی بی سی کی نامہ نگار سارہ حسن سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اور بینکر و ماہر معاشیات عشرت حسین کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

نعیم الحق نے بتایا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے صنعت کار عبدالرزاق داؤد اورشاہد کاردار کا نام تجویز دیا گیا ہے۔

نعیم الحق کا کہنا ہے کہ ملک میں شدید معاشی بحران ہے اور ایسے میں کوئی ماہر معاشیات ہی عبوری دورِ حکومت میں ملک چلا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد عبوری حکومت ملک میں عام انتخابات منعقد کروائے گی۔

ملک میں عام انتخابات ممکنہ طور پر جولائی کے آخر یا اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔

تحریک انصاف کے مطابق شاہ محمود قریشی نگراں وزیر اعظم کے لیے حتمی نام قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو پیش کریں گے، جو اپوزیشن کے نامزد امیدوار کے ناموں سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp