سعودی عرب: ریاض میں ’کھلونا‘ ڈرون کی پرواز، حکام کی کارروائی


سعودی عرب

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کی شب ریاض میں سکیورٹی فورسز نے بلا اجازت پرواز کرنے والے ڈرون کو نشانہ بنایا ہے۔

سنیچر کی شب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ریاض میں فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئیں جس کے کچھ دیر کے بعد ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی ویب سائٹ پر ریاض پولیس کے ترجمان کا بیان جاری کیا گیا۔

بیان میں تصدیق کی گئی کہ شب سات بجکر پچاس منٹ پر ریاض میں خزامہ کے قریب بغیر کسی اجازت کے سکیورٹی پوائنٹ پر تفریح کے لیے استعمال ہونے والے ایک چھوٹے ڈرون کو اڑتے ہوئے دیکھا گیا۔

مزید پڑھیے

پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں

سعودی عرب میں دھماکہ، فوجی اہلکار ہلاک

بیان میں مزید لکھا گیا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے خود کو دیے جانے والے احکامات اور ہدایات کے مطابق صورتحال سے نمٹا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے حوالے سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ عسير‎ میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

گذشتہ برس ہی سعودی شہر جدہ میں ایک شاہی محل کے باہر فائرنگ کے واقعے میں دو سکیورٹی گارڈز ہلاک اور تین دیگر محافظ زخمی ہو گئے تھے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک 28 سالہ شخص ڈرائیو کرتا ہوا جدہ کے ‘السلام محل’ کے دروازے تک پہنچ گیا اور اس نے سکیورٹی پر تعینات محافظوں پر گولیاں چلائیں۔

اس سے کچھ عرصہ پہلے مشرقی شہر قطیف میں خود ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp