کوئٹہ میں تین خودکش حملے، 5 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی


کوئٹہ کے دو مختلف علاقوں میں ہونے والے تین خود کش حملوں میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور 15 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

منگل کو خودکش حملے کوئٹہ کے علاقے ایئر پورٹ روڈ اور دشت کمبیلا میں ہوئے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق بلوچستان کانسٹیبلری سے ہے جن کی گاڑی کو ایئر پورٹ روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔

نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق ایئر پورٹ پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والے اہلکار پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔

اہلکار نے بتایا کہ ایک خود کش حملہ آور نے الحمد یونیورسٹی کے قریب پولیس اہلکاروں کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

اہلکار نے بتایا کہ اس حملے میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہو ئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

کوئٹہ: فائرنگ سے ہزارہ قبیلے کے دو افراد ہلاک

کوئٹہ: دو حملوں میں چھ سکیورٹی اہلکار ہلاک

کوئٹہ: دولت اسلامیہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

اس سے پہلے دو خود کش حملے کوئٹہ شہر کے جنوب میں نواحی علاقے دشت کمبیلا کے علاقے میں ہوئے۔

سکیورٹی سے متعلق ایک اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی ایک چیک پوسٹ پر دو خود کش حملہ آوروں نے حملہ کیا لیکن ایف سی کے اہلکاروں کی فائرنگ سے دونوں خود کش حملہ آور مارے گئے ۔

تاہم خود کش حملہ آوروں کی جسم پر بندھے دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایف سی کے آٹھ اہلکار زخمی ہو گئے۔

زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

گذشتہ برس کی طرح رواں برس بھی متعدد بار ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا ہے اور ان حملوں میں 28 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp