تیسری اولاد مشکلات سے نہیں ڈرتی اور ارد گرد بڑے لوگوں سے زیادہ سیکھتی ہے


سنہ 2016 میں شاہی خاندان کا کناڈا دورہ

PA
سنہ 2016 میں شاہی خاندان کا کناڈا دورہ

شہزادی کیٹ مڈلٹن نے پیر کو ایک بیٹے کو جنم دیا ہے۔ یہ ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کی تیسری اولاد ہے۔ لیکن کیا نئے شہزادے کی زندگی اس کے بھائی بہن سے مختلف ہوگی؟

وہ لوگ جن کے بڑے بھائی یا بہن ہیں وہ سمجھ سکتے ہیں کہ کئی معاملات میں ان کی زندگی بھائی بہن سے مختلف ہوتی ہے۔

برطانیہ میں ماہر نفسیات لنڈا بلیئر کے مطابق بڑے بھائی بہن ہونے سے ہماری شخصیت میں کئی خوبیوں کا شمار ہو سکتا ہے۔

ایسے بچوں کی پیدائش تک والدین کو بچے پالنے کا تجربہ بھی ہو جاتا ہے۔ اکثر تیسری اولاد کو والدین زیادہ ڈھیل بھی دینے لگتے ہیں اور ان پر پہلی اولاد جتنی سختی نہیں کرتے ہیں۔

لنڈا بلیئر نے بتایا کہ ’ایسے بچے مشکلات سے نہیں ڈرتے اور کام کو زیادہ خوبصورتی سے انجام دینا جانتے ہیں۔ وہ کچھ نیا آزمانے سے ڈرتے نہیں ہیں۔ تیسرا بچہ اپنے ارد گرد بڑے لوگوں سے زیادہ سیکھتا بھی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

بچے والدین پر پابندی لگا سکتے ہیں؟

تین افراد کے مشترکہ بچے کی پیدائش کی اجازت

لنڈا بلیئر نے بتایا کہ تیسرے بچے کو ماں باپ کی پوری توجہ نہیں مل پاتی ہے اس لیے وہ والدین کے علاوہ خاندان کے دوسرے افراد پر انحصار کرنا بھی سیکھ لیتے ہیں۔ بھائی بہن کے ساتھ تعلقات سے انھیں سماجی گروپوں میں گھلنے ملنے کا شعور بھی آجاتا ہے۔

لنڈا بلیئر خود تین بچوں کی والدہ ہیں اور وہ بتاتی ہیں کہ ’تیسرے بچے کی پیدائش نے انھیں زیادہ بے چین نہیں کیا۔ وہ تب تک بے چینیوں پر قابو پانا سیکھ گئی تھیں۔‘

ان کا خیال ہے کہ تیسرے بچے تک آپ یہ بھی سمجھ چکے ہوتے ہیں کہ آپ لوگوں سے مدد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

بچوں کی پیدائش کی ترتیب کے بارے میں کئی تحقیقات کی جا چکی ہیں۔ چند کے مطابق پہلا بچہ موٹاپے کا شکار ہو سکتا ہے جبکہ بعض تحقیق یہ بھی کہتی ہیں کہ بڑے بچے اپنے چھوٹے بھائی بہنوں سے زیادہ عقلمند ہوتے ہیں۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ ٹیچر ایزبیل گریگ بھی اپنے والدین کی تیسری اولاد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین نے ان پر اتنی سختی نہیں کی جتنی ان کے بڑے بھائیوں پر کی تھی۔

اپنے تین بچوں کے ساتھ ہیٹی ہیریسن

Hattie Harrison
ہیٹی ہیریسن اپنے تین بچوں کے ساتھ

ایزابیل کے بڑے بھائی جڑواں ہیں اور ان کی آپس میں گہری دوستی بھی ہے۔ ایزابیل نے بتایا کہ ان کے بھائی ہر جگہ انہیں محفوظ رکھنے کی ضرورت سے زیادہ کوشش کرتے تھے۔ اب جب وہ کہیں اکیلے جاتی ہیں تو زیادہ ہی محتاط رہتی ہیں۔

کونر ایگن بھی اپنے بھائی بہنوں میں تیسرے نمبر پر پیدا ہوئے۔ ان کے مطابق انہیں اپنے بھائی بہنوں کے مقابلے زیادہ آزادی دی گئی۔ کونر نے بتایا کہ ’میں اپنے بھائی بہنوں میں سب سے زیادہ غیر ذمہ دار نکلا کیوں کہ مجھے ہمیشہ یہ یقین ہوتا تھا کہ اگر کوئی مشکل ہوئی تو کوئی اور سنبھال لے گا۔‘

یہ بھی پڑھیے

نو ماہ تک پیٹ میں بچہ اور پتہ تک نہیں!

برطانوی بلاگر ہیٹی ہیریسن تین بچوں کی والدہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’پہلے بچے کی ماں بننا سب سے زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ میرے دوسرے بچے کا مزاج شرمیلا ہے جبکہ سب سے چھوٹے والا بہت بہادر ہے کیوں کہ وہ بڑے بھائی بہن کے ساتھ بڑا ہوا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ تیسرے بچے کی پرورش ان کے لیے سب سے زیادہ آسان رہی۔ انہیں پہلے سے کئی باتیں معلوم تھیں اس لیے چھوٹی چھوٹی باتوں کے لیے وہ اس طرح پریشان نہیں ہوئیں جس طرح اپنے بہلے بچے کی پیدائش پر ہوئی تھیں۔

ہیٹی اپنے بلاگز پڑھنے والوں کو مشورہ دیتی ہیں کہ وہ زندگی کو آسان بنانے کی کوشش کریں اور زیادہ تناؤ کو خود پر ہاوی نا ہونے دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp