نارویجین ڈرامہ نگار جون فوس اور ادب کا نوبل انعام


ناروے سے تعلق رکھنے والے 64 سالہ ادیب و ڈرامہ نگار جون فوس سال 2023 میں ادب کے نوبل انعام کے لیے کامیاب قرار پائے ہیں۔ وہ 29 ستمبر 1959 کو ناروے کے مغربی ساحل پر واقع شہر ہاگسنڈ میں پیدا ہوئے۔ فوس نے تقریباً 40 ڈراموں کے ساتھ ساتھ ناول، مختصر کہانیاں، بچوں کی کتابیں، شاعری اور مضامین بھی لکھے ہیں۔

سویڈیش اکیڈمی کے مطابق ان کو یہ ایوارڈ ان کے اختراعی ڈراموں اور نثر میں ناقابل بیان بیانیے کو آواز دینے پر دیا گیا ہے۔ جون فوس اپنے ڈراموں کے لیے مشہور ہیں، حالانکہ ان کی تحریروں میں شاعری، مضامین، بچوں کی کتابیں اور تراجم بھی شامل ہیں۔ فوس کو ناروے کا مقبول ترین ڈرامہ نگار مانا جاتا ہے۔ وہ رئیلزم تحریک کے مقبول ادیب اور ناروے میں کلاسیک ڈرامہ نگار کی حیثیت سے جانے والے لکھاری ہنریک ابسن کے بعد دوسرے اہم ڈرامہ نگار ہیں جن کے لکھے گئے ڈرامے سب سے زیادہ سٹیج کیے جا چکے ہیں۔

ان کے پبلشر کے مطابق، فوس کے کام کا 40 سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے، اور ان کے ڈراموں کی 1,000 سے زیادہ مختلف پروڈکشنز ہو چکی ہیں۔

جون فوس ناروے سے تعلق رکھنے والے چوتھے اور 1928 کے بعد ادب کا نوبل انعام جیتنے والے پہلے نارویجین شخص ہیں۔ حالیہ عالمی نوبل انعام برائے ادب کے علاوہ اپنے کام پر درجن سے زیادہ قومی و بین الاقوامی ایوارڈز حاصل چکے ہیں۔ نیم سوانح عمری پر مبنی فوس کے مقبول ناول ”سیپٹولوجی“ کی تیسری جلد کو 2022 کے بین الاقوامی بکر پرائز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ پچھلے کئی سالوں سے نوبل ادب ایوارڈ کی پسندیدہ فہرستوں کا حصہ بھی بنتے چلے آ رہے ہیں۔

سویڈش اکیڈمی کے رکن اینڈرس اولسن نے کہا کہ اس کا کام ”آپ کے اندر کے گہرے احساسات، پریشانیوں، عدم تحفظ، زندگی اور موت کے سوالات کو چھوتا ہے۔ اس میں ہر وہ چیز جو وہ لکھتے ہیں اس کا ایک طرح کا آفاقی اثر ہوتا ہے۔ اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ ڈرامہ ہو، شاعری ہو یا نثر۔ ان کی بنیادی اپیل انسانیت ہے۔“

جمعرات، 5 اکتوبر 2023 کو سویڈیش اکیڈمی سے جون فوس کی کامیابی کے اعلان کے بعد سویڈش پبلک براڈکاسٹر SVT نے فوس سے ایوارڈ بابت چند سوال کیے، جون فوس نے کہا، ”میں اسے خود کے لیے نہیں بلکہ ادب کے لیے ایک ایوارڈ کے طور پر دیکھتا ہوں، میرا کام فقط ادب تخلیق کرنا ہے ادیب کا بغیر کسی اور بات کے سب سے پہلا اور اہم مقصد ادب ہی ہونا چاہیے“

جون فوس نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ”میں حیران تھا لیکن ساتھ ہی، ایک لحاظ سے ایسا نہیں بھی تھا کیوں کہ میں دس سالوں سے بحث کا حصہ رہا ہوں اور میں نے کم و بیش احتیاط سے اپنے آپ کو دس سالوں سے تیار کیا ہے کہ ایسا ہو سکتا ہے۔“

اگر جون فوس کی زبان اور اسلوب کی بات کی جائے تو فوس، نارویجن کے دو سرکاری ورژن میں سے کم سے کم عام میں لکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ایوارڈ کو اس زبان کی پہچان اور اس کو فروغ دینے والی تحریک کے طور پر سمجھتے ہیں، اور یہ کہ آخرکار وہ اس زبان کے ہی انعام کا مقروض ہیں۔ ان کا لہجہ ”نئی نارویجن“ کے نام سے جانا جاتا ہے اور صرف 10 % آبادی استعمال کرتی ہے۔

اپنے تخلیقی تجربے اور ادبی سفر کے بارے جون فوس کا کہنا یوں ہے کہ ”میں نے اس وقت لکھنا شروع کیا جب میں 12 سال کا تھا اور پہلی کتاب تقریباً چوبیس سال کی عمر میں شائع ہوئی۔ ایک حادثہ جہاں میں سات سال کی عمر میں مرنے کے قریب پہنچ گیا تھا اس نے مجھے ایک مصنف کے طور پر تشکیل دیا، زندگی کی روحانی جہت پر میری آنکھیں کھول دیں۔“

فوس نے اپنے انٹرویوز میں شراب نوشی سے اپنی بازیابی اور معاشرتی اضطراب پر قابو پانے کی جدوجہد اور مذہبی عقیدے کے ذریعہ ادا کیے گئے کردار کے بارے میں بھی بڑے پیمانے پر بات کی ہے۔

فوس نے 2021 میں نارویجن سالویشن آرمی کے ایک انٹرویو میں کہا، ”خود کو شراب نوشی سے آزاد کرنا ممکن ہے، لیکن شراب کے علاوہ کسی اور چیز کی وجہ سے نشے کی لت سے چلنے والی زندگی سے منتقلی مشکل ہے۔ میری تبدیلی (کیتھولک میں ) اور اس حقیقت سے کہ میں ایک کیتھولک پریکٹس کرتا ہوں، جس نے میری مدد کی ہے۔ “

جون فوس کا خاندان عیسائیت چھوڑ کر الحاد اختیار کر چکا تھا تاہم بعد ازاں فوس نے 2013 میں کیتھولک عقیدے کی طرف رجوع کرتے ہوئے اس کو اپنے لیے بہتر قرار دیا۔

فوس اوسلو کے شاہی محل کے احاطے میں ایک اعزازی رہائش گاہ گروٹو میں مقیم ہیں جس میں پچھلی صدی میں ناروے کے چند صف اول کے مصنفین اور موسیقاروں کو رہائش پذیر کیا گیا ہے۔

جون فوس کے تخلیق کردہ ادب کا عمومی جائزہ لیا جائے تو ان کے ہاں وجودی فکر غالب نظر آتی ہے۔ فوس کے ڈراموں کے کردار اکثر داخلی زندگی پر توجہ مرکوز کیے ہوئی دکھائی دیتے ہیں۔ جون فوس کے کام کا بیٹلز سے ہینریک ابسن، سیموئل بیکٹ اور جارج ہیریسن سے بھی موازنہ کیا جاتا ہے۔

جون فوس کے اہم کام کا تعارف کچھ یوں ہے۔

ناول
سیپٹولوجی I۔ VII

فوس کے کیتھولک مذہب میں تبدیلی کے تناظر میں لکھے گئے، غیر معمولی ”سیپٹولوجی“ سیریز کے سات ناول ایک عمر رسیدہ فنکار کے خدائی کے ساتھ حساب کتاب کرتے ہیں، اور اس کے سب سے اہم ناول نگاری کام کی نمائندگی کرتے ہیں۔

صبح و شام

یہ مختصر، طاقتور ناول جوہانس کی پیدائش کے ساتھ کھلتا ہے، جس کے والدین کو امید ہے کہ وہ اپنے والد کی طرح ماہی گیر بن جائے گا۔ برسوں بعد ، ایک بوڑھے آدمی کے طور پر، جوہانس اپنے خاندان اور قریبی دوستی پر غور کرتا ہے۔ (جی ہاں، وہ ایک ماہی گیر بن گیا۔ )

میلانکولی I۔ II

یہ ناول 19 ویں صدی کے نارویجن پینٹر لارس ہرٹروگ کی زندگی کو افسانوی شکل دیتے ہیں، جب وہ پاگل پن میں مبتلا ہے۔ ڈسلڈورف میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران، ہرٹروگ اپنی صلاحیتوں کے بارے میں بے چینی کی وجہ سے مفلوج ہو جاتا ہے اور اپنی مالک مکان کی بیٹی کی طرف راغب ہونے کے بعد اسے بے ہودہ جنسی فریب کی طرف لے جانے کے بعد بنیادی طور پر بے گھر ہو جاتا ہے۔

ایلس ایٹ دی فائر

سائن نامی ایک خاتون 20 سال سے زیادہ پہلے کے بارے میں سوچتی ہے، جب اس کا شوہر کشتی کے ذریعے روانہ ہوتا ہے اور کبھی واپس نہیں آتا۔ جلد ہی، اس کے خیالات ایک مابعدالطبیعاتی معیار کو اپنا لیتے ہیں، اور یہاں تک کہ اس میں خاندان کے افراد کی یادیں بھی شامل ہوتی ہیں جو نسلوں سے پہلے کی ہیں۔

مقبول ڈراموں کی بات کی جائے تو فوس کو زندہ یورپی ڈرامہ نگاروں میں سب سے زیادہ پرفارم ہونے والا ڈرامہ نگار سمجھا جاتا ہے، ”میں ہوا ہوں“ ایک وجودی ڈرامہ ہے جو ماہی گیری کی کشتی میں دو آدمیوں پر مرکوز ہے۔

”گرمیوں کا دن“

یہ ڈرامہ ”ایلس ایٹ دی فائر“ کی یاد دلا سکتا ہے اس ڈرامے کا مرکز ایک جذباتی عورت ہے جو اپنے شوہر کے ماہی گیری کے سفر سے واپس آنے کا انتظار کر رہی ہے۔ یہاں تک کہ خوف کے واضح، ناقابل برداشت احساس کے ساتھ، ڈرامہ ایک مضبوط لیکن سست انداز میں آگے بڑھتا ہے۔

”کوئی آنے والا ہے“

حسد، جنسی تناؤ اور پاگل پن کے اس ڈرامے میں، ایک جوڑا سمندر کے کنارے ایک دور دراز، بکھرے ہوئے پرانے گھر میں چلا جاتا ہے جہاں یہ سوچ بھی نہیں آ سکتی کہ ”کوئی آنے والا ہے۔“

”نام“

ایک نوجوان حاملہ لڑکی بچے کے والد کے ساتھ اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔ اس کے والدین نہیں جانتے کہ وہ امید سے ہے، جس سے ڈرامے کے کلسٹرو فوبیا کے احساس اور کہے جانے والے تناؤ میں اضافہ ہوتا ہے۔

ناولز اور ڈراموں کے علاوہ جون فوس نے افسانے، مضامین اور بچوں کے لیے چند کتابیں بھی لکھ رکھی ہیں۔ نوبل انعام حاصل کرنے سے پہلے ان کی کتب چالیس کے قریب زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہیں۔ حالیہ انعام کے بعد اردو سمیت دیگر زبانوں کے قارئین کی توجہ ان کی تخلیقات تک مزید لوگوں کی رسائی کا سبب بنے گی۔

مندرجہ بالا تحریر مختلف انگریزی رسائل و جرائد میں شائع انٹرویوز اور جون فوس کے کام سے متعلقہ مضامین سے اخذ کی گئی ہے جس کا مقصد اردو قارئین تک ان کا تعارف پہنچانا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments