کوئٹہ میں فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ‘ کے واقعات، فائرنگ سے کم سے کم تین افراد ہلاک


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے ایک مرتبہ پھر دکانوں پر فائرنگ کر کے کم ازکم تین افراد کو ہلاک کر دیا ہے اور دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کوئٹہ میں 72 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں دکانوں پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں مجموعی طور پر چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

کوئٹہ: فائرنگ سے ہزارہ قبیلے کے دو افراد ہلاک

پانچ سو دسواں ہزارہ

ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال

کوئٹہ: ’ٹارگٹ کلنگ‘ کے واقعے میں چار افراد ہلاک

نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا یہ حالیہ واقعات جان محمد روڈ پر اتوار کی شب پیش آئے۔

انڈسٹریل پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر نامعلوم مسلح افراد جان محمد روڈ پر آئے اور انھوں نے پانچ دکانوں میں موجود افراد پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس اہلکار کے مطابق جان محمد روڈ پر پیش آنے والے واقعات فرقہ وارانہ بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تھے جس میں سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔

سینیچر کو جماالدین روڈ پر ایک دکان پر فائرنگ سے شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ہزارہ برادری کے دو افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ جمعہ کو طوغی روڈ پر فائرنگ سے ایک مذہبی عالم دین کا چھوٹا بھائی ہلاک ہوا تھا۔

72 گھنٹوں کے دوران دکانوں پر فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طورپر 6افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق جمال الدین افغانی روڈ اور طوغی روڈ پر پیش آنے والے واقعات بھی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تھے۔

کوئٹہ میں رواں مہینے کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایک مرتبہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اتوار کی شب دکانوں پر ہونے والے ان حملوں سے قبل ٹارگٹ کلنگ کے چھ واقعات پیش آئے جن میں 12افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

اپریل کے مہینے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 15 افراد مارے گئے جن میں سے پانچ افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے اور 6 کا تعلق مسیحی برادری سے تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32470 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp