جلیلہ حیدر: ’بس ایک ہی مطالبہ ہے جنرل باجوہ آئیں اور ان ماؤں کی فریاد سنیں جن کے بچوں کو مارا گیا ہے‘


کوئٹہ

تین دن تک مسلسل بھوک ہڑتال کی وجہ سے جلیلہ حیدر کمزور ہو گئی ہیں جس کے باعث ان کو ڈرپ لگائی گئی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف حقوق انسانی کی کارکن جلیلہ حیدر کی تادم مرگ بھوک ہڑتال چوتھے دن بھی جاری ہے۔

تین دن تک مسلسل بھوک ہڑتال کی وجہ سے وہ کمزور ہو گئی ہیں جس کے باعث ان کو ڈرپ لگائی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ گذشتہ شب انھوں نے بہت زیادہ کمزوری محسوس کی تو ساتھیوں نے ان کو ڈرپ لگائی۔ ’میں ڈرپ لگانے کے بھی خلاف تھی لیکن یہ ساتھیوں کا اسرار تھا۔‘

کچھ نہ کھانے کی وجہ سے اگرچہ وہ کمزور ہوگئی ہیں لیکن انھوں نے بھوک ہڑتال کو جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

مزید پڑھیے

احسن اقبال کی اپیل مسترد، کوئٹہ میں دھرنا جاری

’کوئٹہ میں اتنے دنبے ذبح نہیں ہوئے جتنے ہزارہ قتل ہوئے‘

کوئٹہ: فائرنگ سے ہزارہ قبیلے کے دو افراد ہلاک

دبک کے بیٹھے رہو، کہیں لو نہ لگ جائے

’میں ایک مضبوط عورت ہوں۔ میں مطالبات تسلیم ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی۔‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ جدوجہد اپنے بھائیوں کو بچانے کے لیے ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ کسی چوک پر گولی کھانے کی بجائے یہ بہتر ہے کہ ان کی زندگی کا خاتمہ جدوجہد کرتے ہو جائے۔

دھرنا

وفاقی وزیر برائے داخلہ احسن اقبال بھی ہنگامی دورے پرکوئٹہ پہنچے تھے لیکن ان کی درخواست پر دھرنا ختم نہیں کیا گیا

انھوں نے کہا کہ ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ’فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ آئیں اور ہماری ان ماؤں کی فریاد کو سنیں جن کے بچوں کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مارا گیا۔‘

کوئٹہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کی جانب سے بھی کوئٹہ پریس کلب کے باہر ایک بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیا گیا ہے۔

اس بھوک ہڑتالی کیمپ میں کوئٹہ سے سابق رکن قومی اسمبلی آغا ناصر شاہ اور بی این پی کے ایک اور رہنما ڈاکٹر رمضان تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کوئٹہ شہر میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے اور لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

جہاں پریس کلب کے باہر یہ بھوک ہڑتالی کیمپ قائم ہیں وہاں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے بھی جاری ہیں۔

ان میں سے ایک دھرنا بلوچستان اسمبلی کی عمارت کے باہر مجلس وحدت المسلمین کے رکن اسمبلی آغا رضا کی قیادت میں دیا گیا ہے جبکہ ایک اور دھرنا بروری کے علاقے میں مغربی بائی پاس پر دیا جا رہا ہے۔

گذشتہ شب اسمبلی کے باہر دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کے لیے وفاقی وزیر برائے داخلہ احسن اقبال بھی ہنگامی دورے پرکوئٹہ پہنچے تھے لیکن ان کی درخواست پر دھرنا ختم نہیں کیا گیا۔

ہزارہ قبیلے کے لوگ اس وقت دھرنے یا بھوک ہڑتال کی شکل میں جو احتجاج کر رہے ہیں ان کا یہ کہنا ہے کہ وہ اس کو اس وقت تک ختم نہیں کریں گے جب تک فوج کے سربراہ متاثرہ خاندانوں کی بات سننے کے لیے نہیں آتے۔

کوئٹہ

ہزارہ افراد کی بڑی تعداد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سنہ 2000 کے بعد پیش آئے: رپورٹ

ہزارہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ

پاکستان میں حکومتی سطح پر قائم قومی کمیشن برائے حقوق انسانی کا کہنا ہے کہ گذشتہ 16 برسوں کے دوران صوبہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کے واقعات میں ہزارہ برادری کے 525 افراد ہلاک اور734 زخمی ہوئے۔

نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس نے شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ہزارہ قبیلے کے بارے میں رپورٹ میں ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کو درپیش صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ہزارہ افراد کی بڑی تعداد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سنہ 2000 کے بعد پیش آئے۔

رپورٹ میں 15ا گست 2001 سے 20 اکتوبر2017 تک ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کے 46 واقعات کا ذکر کیا گیا ہے جن میں 525 افراد ہلاک اور 734زخمی ہوئے۔

تاہم ہزارہ تنظیموں کے مطابق ہلاک اور زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp