’ریورس سوئنگ اور فاسٹ بولنگ کے علاوہ پاکستان سے کچھ چاہیے تو بتائیں‘


پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے رواں سال ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کے دس میچ کھیلیں گے۔

اس بارے میں وہاب ریاض نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈربی شائر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلاسٹ ٹورنامنٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں اور اگر آپ کو ریورس سوئنگ اور تیز رفتار بولنگ کے علاوہ پاکستان سے کچھ چاہیے تو بتائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم بھی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے لیے آئرلینڈ اور انگلینڈ ‌کا دورہ کر رہی ہے اور وہاب ریاض پاکستانی سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

ڈربی شائر کے کرکٹ مشیر کم برنیٹ کا کہنا ہے کہ ‘وہاب ریاض ایک تیز اور اعلیٰ معیار کے فاسٹ بولر ہیں جس کی وجہ ہماری مہم کو تجربہ کاری کی دولت حاصل ہوگی۔’

ڈربی شائر کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقن فاسٹ بولر ہارڈس ولیون نے بھی وہاب ریاض کی ڈربی شائر میں شمولیت کو ‘زبردست’ خبر قرار دیا ہے اور انھوں نے کہا کہ وہ ‘اپنی نشستوں پر سنبھل کر بیٹھیں راکٹ آپ کی جانب آ رہے ہیں۔ پاکستان زندہ باد۔’

https://twitter.com/WahabViki/status/991702275016937473

واضح رہے کہ وہاب ریاض کو قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نہ کرنے پر مین سٹریم اور سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے خلاف خفتگی کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

وہاب ریاض اب تک 67 ٹی 20 میچوں میں 21.22 کی اوسط سے 197 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ اس سے قبل وہ ٹی 20 بلاسٹ میں ایسیکس، کینٹ اور سرے کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

وہ اپنا پہلا میچ چھ جولائی کو لنکاشائر لائٹننگ کے خلاف اور آخری میچ تین اگست کو برمنگھم بیئرز کے خلاف کھیلیں گے۔

https://twitter.com/Hardus_Vilj/status/991625594466168837

دوسری جانب انڈین کرکٹ کپتان وراٹ کوہلی نے بھی سرے کاؤنٹی کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔

29 سالہ وراٹ کوہلی تین کاؤنٹی چیمپیئن شپ میچوں اور کم از کم تین ون ڈے کپ میچوں میں سرے کی نمائندگی کریں گے۔

جون میں کاؤنٹی کرکٹ کے باعث وراٹ کوہلی افغانستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیلیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp