چوہدری نثار عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست نہیں دیں گے


مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار آج شام 4 بجے پریس کانفرنس کریں گے، وہ معمول کی طرح پنجاب ہاؤس کی بجائے نجی مقام پر پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ پارٹی امور اور ملکی معاملات پر بات کریں گے جب کہ وہ بطور سابق وفاقی وزیرداخلہ رونما ہونے والے اہم واقعات پر بھی اظہار خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار پارٹی سے اپنی 35 سالہ وابستگی کے بارے میں اظہار خیال کریں گے، ان کی جانب سے مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دیں گے، ٹکٹ دینے اور پارٹی میں اپنے مستقبل کا فیصلہ پارٹی قیادت پر چھوڑیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چوہدری نثار پارٹی ٹکٹ ملنے کی صورت میں پارٹی کے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے جب کہ وہ آج آئندہ انتخابات میں آزاد امیدوارکے طور پر بھی انتخاب لڑنے کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کے درمیان تعلقات کئی ماہ سے ناخوشگوار ہیں، میاں شہبازشریف نے گزشتہ ماہ چوہدری نثار سے ملاقاتیں کی تھیں جس میں سابق وزیر داخلہ نے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔گزشتہ دنوں چوہدری نثار کی تحریک انصاف میں شمولیت کی افواہیں بھی زیر گردش تھیں تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).