نارووال میں وزیرداخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی: تازہ ترین اپ ڈیٹ


نارووال میں وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، وزیرداخلہ کے بازو میں دو گولیاں لگی ہیں جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ نامہ نگاروں کے مطابق احسن اقبال کو زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ نارووال کے علاقے قصبہ کنجروڑ میں پیش آیا جہاں وزیرداخلہ احسن اقبال ایک کارنر میٹنگ میں شریک تھے، بتایا جاتا ہے کہ ایم پی اے رانا منان کے ڈیرے پر کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، کارنر میٹنگ کے اختتام پر احسن اقبال جب ڈیرے سے باہر آرہے تھے کہ اس دوران مجمع میں شریک ایک مسلح شخص نے پستول سے ان پر فائرنگ کردی ، ملزم نے وزیرداخلہ پر براہ راست فائرنگ کی جس سے دو گولیاں احسن اقبال کے بازو میں لگی ہیں۔

وزیرداخلہ احسن اقبال کو زخمی حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اس وقت ڈاکٹرز احسن اقبال کا آپریشن کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام عابد حسین ہے اور اس کی عمر 21سال ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).