’احسن اقبال پر حملہ کرنے والے کا تعلق تحریکِ لبیک سے ہے‘


پاکستان کے صوبہ پنجاب کے حکام کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر نارووال میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور نے اپنا تعلق مذہبی تنظیم تحریک لبیک سے بتایا ہے تاہم اس تنظیم حملہ آور سے اعلانِ لاتعلقی کیا ہے۔

احسن اقبال پر اتوار کی شام کنجروڑ کے علاقے میں اس وقت فائرنگ کی گئی تھی جب وہ اپنے انتخابی حلقے میں مسیحی برادری کی ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

انھیں ایک گولی دائیں بازو پر لگی تھی جو کہنی کی ہڈی توڑتی ہوئی ان کے پیٹ میں داخل ہو گئی تھی۔

مزید پڑھیے

وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملہ، حالت خطرے سے باہر

سکیورٹی خدشات اور انتخابی معرکہ

’اللہ اور رسول کی محبت پر کسی کی اجارہ داری نہیں‘

احسن اقبال کو نارووال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد لاہور منتقل کر دیا گیا تھا جہاں اتوار کی شب سروسز ہسپتال میں ان کا آپریشن ہوا۔ آپریشن کے بعد اب انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال کا کہنا ہے کہ ان کے والد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

احسن اقبال

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ پر حملہ معمولی بات نہیں، یہاں تک نوبت پہنچنا انتہائی تشویشناک بات ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ایسے لوگوں کو ہزار ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے تو یہی ہوگا، قوم جاننا چاہتی ہے کہ ہزار ہزار روپیہ کیوں دیا گیا۔‘

وزیرِ داخلہ پر فائرنگ کرنے والے عابد حسین نامی شخص کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس کے خلاف مقدمہ نارووال کے تھانہ شاہ غریب میں درج کر لیا گیا ہے اور اس میں اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق اس واقعے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر نارووال کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور کا تعلق نارووال کی تحصیل شکر گڑھ سے ہے اور اس نے حملے کے وقت وزیر داخلہ پر 30 بور کی پستول سے فائر کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملہ آور نے اپنا تعلق مذہبی جماعت تحریک لبیک سے ظاہر کیا ہے۔ تاہم تحریک لبیک کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی نے رابطہ کرنے پر بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ وہ اس مبینہ حملہ آور کا نام پہلی مرتبہ سن رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری جماعت کی پالیسی عدم تشدد پر مبنی ہے ہم اپنے کارکنان کو ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دیتے اور ختم نبوت کے لیے اپنی کوشش پرامن کوششیں جاری رکھیں گے۔‘

خیال رہے کہ احسن اقبال پر حملے کے فوراً بعد ہی پاکستانی سوشل میڈیا پر حملہ آور کی تحریکِ لبیک سے وابستگی کے بارے میں بحث چھڑ گئی تھی اور ٹوئٹر پر #TLPPeacefulOrg کا ٹرینڈ چلنے لگا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp