کراچی: پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم


کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم ہوا ہے جس کے بعد صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف دونوں ہی جماعتوں کی جانب سے کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراونڈ میں 12 مئی کو جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب دونوں ہی جانب سے حکیم سعید گراونڈ کے سامنے کیمپ لگانے کا آغاز کیا گیا۔

صورتحال زیادہ خراب ہونے پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔

’پنجاب میں اب صرف پی ٹی آئی اور نون لیگ میں مقابلہ ہے‘

خواتین سے متعلق توہین آمیز بیانات، شہباز شریف کی معافی

صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے ہمراہ وہاں پہنچے اور کارکنان سے پرامن رہنے کی درخواست کی۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ حالات کو خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت کی جانب سے جلسہ کرنے درخواست پہلے ہی مل چکی ہے اور انھیں این او سی بھی جاری کر دی گئی ہے۔

تاہم انھوں نے کہا کہ اس سب کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا کیونکہ ان کے بقول ’کراچی کا امن ایک بار پھر خراب نہیں کرنے دیا جائے گا۔‘

انھوں نے دونوں ہی جماعتوں کے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ گھروں کو لوٹ جائیں تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے اس موقع پر کہا کہ ’اگر انا کا مسلہ ہے تو ہم یہ کہتے ہیں کہ دونوں ہی جماعتیں اس مقام پر جلسہ نہ کریں۔‘

ان کی اس تجویز پر سہیل انور سیال نے کہا کہ ’یہ ان کی تجویز ہے تاہم اس حوالے سے بعد میں بات کی جائے گی۔‘

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’بڑی مشکل سے کراچی کا امن بحال ہوا ہے اس ایک بار پھر خون کی ندی نہیں بننے دیں گے۔‘

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ہی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر شائع کی جانے والے ویڈیوز میں پتھراؤ اور سڑک پر لگی آگ دیکھی جا سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس تصادم میں چند گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے رات گئے میڈیا سے بات کی اور دونوں ہی جماعتوں کی جانب سے ان کے کارکنان کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے 25 سے زائد کارکنان زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے پہلے کی گئی اور ان کے کیمپ کو آگ لگا دی گئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp