یونس خان نے اپنا وعدہ پورا کیا!


کرکٹ

یونس خان کٹ شاٹ کھیلتے ہوئے

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر اور سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے 12 سالہ مداح فیلکس اینڈرسن سے کیا ہوا وعدہ پورا کر کے ان کا دل جیت لیا۔

مئی کی سات تاریخ کو یونس خان نے ٹویٹ کی جس میں انھوں نے فیلکس کے لیے پیغام دیا کہ انھوں نے اپنے مداح سے کیے گئے وعدے کے مطابق کرکٹ کے گر سکھانے کے لیے کوچنگ کی ویڈیو بنائی ہے۔

گذشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو یونس خان نے اپنے ٹوئٹر پر ایک خط کی تصویر لگائی جو کہ نیوزی لینڈ میں رہنے والے ان کے 12 سالہ مداح فیلکس اینڈرسن نے لکھا تھا جس میں انھوں نے یونس خان کی بیٹنگ کی تعریف کی اور بتایا کہ وہ ان سے کتنے متاثر ہیں۔

https://twitter.com/iam_Younis/status/989207552834621440

اپنے خط میں فیلکس نے لکھا کہ یونس خان ان کے بڑے ہیروز میں سے ایک ہیں اور 2009 میں یونس خان کی سری لنکا کے خلاف بنائی گئی ٹرپل سنچری ان کے لیے بہت یادگار تھی اور جس کی وجہ سے وہ کرکٹر بننے کا خواب دیکھنے لگے۔

اپنے خط میں فیلکس نے یونس کی سلپ میں فیلڈنگ کی بھی تعریف کی اور درخواست کی کہ یونس خان ان کو بیٹنگ کے گر سکھائیں اور کوّر ڈرائیو اور کٹ شاٹ مارنے کے لیے کوئی مشورہ دیں۔

یونس خان نے اپنی ٹویٹ میں فیلکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ خط دو سال کے بعد ملا ہے لیکن وہ اُن کی فرمائش پوری کریں گے۔

یونس خان نے اپنی ویڈیو میں بھی فیلکس کو مخاطب کر کے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کوّر شاٹ اور کٹ شاٹ کھیلنے کے طریقے بتائے۔

https://twitter.com/iam_Younis/status/993454104235184129

یونس خان نے لکھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ فیلکس اس ویڈیو سے استفادہ حاصل کریں گے اور اپنے ملک کی مستقبل میں نمائندگی بھی کریں گے۔

یونس خان کی ویڈیو کے بعد ٹوئٹر پر ان کے کئی شائقین نے انھیں سراہا۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک صارف ٹاز ستی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے دو سال قبل فیلکس کا خط پاکستان کے سابق کھلاڑی یاسر عرفات کو دیا تھا اور انھیں بہت خوشی ہے کہ یونس خان تک یہ پہنچ گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp