تنخواہ کیسے بڑھوائی جا سکتی ہے؟


تنخواہ میں اضافہ کروانا کسی بھی ورکر کے لیے سب سے مشکل کام ہوتا ہے، اور وہ بھی ایسے میں جب باس ایک بار انکار کر چکا ہو۔ تاہم اب ماہرین نے اس کا ایک ایسا طریقہ بتا دیا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی ورکر باس کے انکار کے باوجود باآسانی اپنی تنخواہ میں اضافہ کروا سکتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق کیرن گیٹلے نامی ماہر کا کہنا ہے کہ ”بعض کمپنیاں ایسی ہوتی ہیں جو کسی بھی طور ورکر کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کرتیں، ایسی کمپنیوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے انہیں چھوڑ دینا بہتر ہے۔ تاہم اگر کمپنی تنخواہ پر بات کرنے کو تیار ہے تو پھر باس کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھانا چاہیے۔ اس کے لیے سب سے پہلے آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ جس پوزیشن پر ہیں اور جتنا آپ کے پاس کام کا تجربہ ہے، اس لحاظ سے آپ زیادہ سے زیادہ کتنی تنخواہ لے سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو اپنے شعبے کے دیگر افراد سے مشاورت کرنی چاہیے یا کسی ریکروٹمنٹ کنسلٹنٹ سے بھی بات کی جا سکتی ہے۔ جب تنخواہ کا حتمی نمبر آپ کو معلوم ہو جائے تب آپ کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔“

کیرن کا مزید کہنا تھا کہ ”کارکردگی بہتر بنانے کے لیے آپ اپنے منیجر کا تعاون حاصل کر سکتے ہیںا ور اس کے ذریعے سمجھ سکتے ہیں کہ اپنے کام کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد اپنی محنت اور ذمہ داری سے اپنی کارکردگی کو اتنا شاندار بنائیں کہ جب آپ کی تنخواہ پر نظرثانی کی جائے تو آپ کی کارکردگی دیکھ کر باس آپ کی تنخواہ بڑھانے پر مجبور ہو جائے۔ آپ کو اپنے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے لیے دفتر کے باہر کہیں تربیت کے لیے بھی جانا پڑے تو جائیے۔ جب آپ اپنے بہترین کام کے ذریعے اپنی مرضی کی تنخواہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو اگلا قدم یہ اٹھائیے کہ اپنی کمپنی سے اپنے لیے مزید سینئر کردار کا مطالبہ کیجیے۔ اس طریقے پر عمل کرکے نہ صرف تنخواہ بڑھوائی جا سکتی ہے بلکہ یہ طریقہ ترقی پانے کا بھی بہترین ذریعہ بن سکتا ہے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).