’اقوامِ متحدہ نے دوہرے معیار کا مظاہرہ کیا: پاکستان


خراسانی

عمر خالد خراسانی کے بارے میں اطلاعات تھیں کہ وہ کرم ایجنسی کے قریب پاک افغان سرحدی علاقے میں تین امریکی ڈرون حملوں میں ہلاک ہوئے

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے سربراہ عمر خالد خراسانی پر پابندی نہ لگانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کے دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ، ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ‘اس عمل سے ثابت ہوتا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کیا ہے اور عمر خالد خراسانی کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل نہ کرکے دوہرے معیار کا مظاہرہ کیا ہے۔’

واضح رہے کہ دفترِ خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید کو بتایا کہ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے رہنما عمر خالد خراسانی پر پابندی کی درخواست پر عمل درآمد کا معاملہ امریکی اعتراض کے بعد رکا ہے۔

جماعت الاحرار اور عمر خالد خراسانی کے بارے میں مزید پڑھیے

’ہلاکت‘ کے بعد خراسانی کا نیا بیان

جماعت الاحرار: سات شکایتیں

لاہور میں جماعت الاحرار کا چوتھا بڑا حملہ

‘امریکہ نے یہ اعتراض کیا ہے کہ پاکستان نے پابندی کی درخواست میں جماعت الاحرار کے رہنما کی موجودگی افغانستان میں ظاہر کی ہے۔’

تاہم ترجمان دفترِ خارجہ نے پریس بریفنگ میں براہِ راست امریکہ کا نام لینے سے گریز کیا اور کہا کہ پاکستان کی درخواست اس لیے مسترد کی گئی کہ ‘کمیٹی میں ایک رکن ملک کی جانب سے اعتراض کے بعد اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا۔’

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کا نام تو ‘دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں ڈال دیا تھا مگر پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسی جماعت کے سربراہ کا نام فہرست میں شامل نہیں کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس پیشرفت سے تاحال باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے ‘دہشتگردوں نے پاکستانی عوام کو نشانہ بنایا اور اس جماعت کے امیر عمر خالد خراسانی المعروف عبدالولی کے ہاتھ سینکڑوں پاکستانیوں کے خون سے رنگے ہیں’۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی جنوبی ایشیائی پالیسی کے اعلان کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بتدریج خرابی دیکھنے میں آئی ہے۔

پاکستان

جماعت الاحرار کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان ہتھیار ڈال چکے ہیں

دفترِخارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں جماعت الاحرار پر پابندی کی درخواست جولائی 2017 میں اُس وقت دی گئی تھی جب عمر خالد خراسانی تنظیم کے سربراہ تھے اور ‘افغانستان کے صوبے ننگرہار میں لعل پورہ نامی بیس کیمپ میں موجود تھے’۔

7 جولائی 2017 کو پاکستان کی ہی درخواست پر اقوام متحدہ کی اسی کمیٹی نے جماعت الاحرار کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا۔ جس کے بعد 21 جولائی کو پاکستان نے عمر خالد خراسانی کا نام بھی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست دی تھی۔

کالعدم جماعت الاحرار ٹی ٹی پی سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروہوں میں سے ایک ہے ‘جو پاک افغان سرحدی علاقوں میں سرگرم ایک شدت پسند تنظیم ہے’۔

تنظیم کی تشکیل اگست 2014 میں اس وقت ہوئی تھی جب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) دو دھڑوں میں تقسیم ہوئی۔ اس کے بعد ٹی ٹی پی کی قیادت ملا فضل اللہ کے پاس جبکہ عمر خالد خراسانی نے جماعت الاحرار بنائی۔

جماعت الاحرار نے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا اور وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں میں عام شہریوں، مذہبی اقلیتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوجیوں کو نشانہ بنایا۔

اسی گروپ نے 2016 میں ایسٹر کے تہوار کے موقع پر لاہور کے گلشنِ اقبال پارک میں خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اسی جماعت کے ترجمان نے نومبر 2014 میں واہگہ بارڈر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جبکہ فروری 2017 میں لاہور کے مال روڈ پر ایک احتجاجی مظاہرے پر خودکش حملے کی ذمہ داری بھی اسی جماعت نے قبول کی تھی، جس میں ڈی آئی جی ٹریفک پولیس احمد مبین زیدی ، قائم مقام ڈی آئی جی زاہد گوندل سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ جماعت الاحرار کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان ہتھیار ڈال چکے ہیں اور وہ اس وقت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp