ہم سب لبرل ہیں مگر غیر مناسب لباس میں ماڈلنگ کی اجازت نہیں دے سکتے: چیف جسٹس


پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ غیر مناسب لباس میں ماڈلنگ کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں اور یہ طے کرنا ہوگا کہ کتنا غیر ملکی مواد نشر کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔

نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق کراچی میں سپریم کورٹ میں سنیچر کو یونائیڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے عدنان صدیقی، فیصل قریشی ، ثمینہ احمد اور دیگر معروف فنکار اور پروڈیوسر عدالت میں پیش ہوئے اور پاکستانی ٹی وی چینلز پر انڈین مواد کی نشریات کی شکایت کی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آپ نے تو میرے منہ کی بات چھین لی، ایسے ایوارڈ شوز دکھائے جا رہے ہیں جو مسلم معاشرے کے لیے قابل قبول نہیں۔‘

چیف جسٹس نے کہا کہ ’ہم سب لبرل ہیں مگر غیر مناسب لباس پر ماڈلنگ کی اجازت نہیں دے سکتے،کیا ہماری بہن, بیٹیاں یہ لباس پہن سکتی ہیں۔‘

نامہ نگار کے مطابق چیف جسٹس نے فیصل قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ تو خود مارننگ شو کرتے ہیں، خواتین کو کون سا لباس پہنواتے ہیں، یہ کون سے مارننگ شوز ہیں, یہ کونسا کلچر دینا چاہ رہے ہیں۔‘

’میں نہیں کہہ رہا کہ برقع پہن کر آجائیں مگر بے حیائی بھی برداشت نہیں کریں گے، آپ لوگ سندھ ، بلوچ اور دیگر کلچر کو فروغ کیوں نہیں دیتے۔ کیا آپ کے ملک کا کلچر ختم ہوگیا ہے۔‘

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ کتنا غیرملکی مواد نشر کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں‘، انھوں نے اداکاروں کو ہدایت کی وہ تحریری درخواست دیں جس پر پیمرا اور تمام چینلز سے رپورٹ طلب کریں گے۔

یونائیڈ پروڈیوسرز ایسو سی ایشن کی جانب سے مظاہرہ بھی کیا گیا، ان موقعے پر اداکار اور پوڈیوسر عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ وہ جو بھی ہیں ٹی وی چینلز کی وجہ سے ہیں وہ صرف غیر ملکی مواد کے خلاف ہیں پھر چاہے وہ انڈین ہو یا انگریزی ہو۔ اسے نشر کرنے کی ایک شرح ہونے چاہیے وہ دس فیصد سے زیادہ نہ ہو۔

انھوں نہ کہا کہ ’جب آپ اپنے ملک میں لوگوں کو زیادہ مواقعے دیں گے تو روزگار بھی ملے گا اور مواقعے بھی ملیں گے،معیار بھی بہتر ہوگا اور مقابلے کا رجحان آئے گا۔‘

یاد رہے کہ عدنان صدیقی حال ہی میں سری دیوی کی فلم ’مام‘ میں کام کیا تھا، جس میں ان کے ساتھ سجل علی بھی شامل تھیں۔

فیصل قریشی کے مطابق غیرملکی مواد کی وجہ سے مقامی صنعت متاثر ہو رہی ہے مقامی پروڈیوسر متاثر ہو رہا ہے۔

’ہم جو ایک سوپ ڈرامہ بناتے ہیں اگر وہ ڈھائی یا تین کروڑ میں بنتا ہے تو اس کے برعکس وہ انڈیا سے ڈھائی سو تین سو قسطیں ایک کروڑ میں اٹھالیتے ہیں، یہ پیسہ جا کیسے رہا ہے یہ کوئی نہیں دیکھ رہا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp