وادی نیلم میں پل ٹوٹنے سے 40 سے زائد سیاح دریا میں بہہ گئے


مظفرآباد: وادی نیلم میں کنڈل شاہی پل ٹوٹنے سے پل پر کھڑے 40 سے زائد سیاح ’نالہ جاگراں‘ میں جاگرے جن میں سے اب تک چار افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ باقی کی تلاش جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مظفر آباد میں وادی نیلم میں خستہ حال کنڈل شاہی پل ٹوٹ گیا جس کے باعث پل پر کھڑے سیاح نالہ جاگراں میں گرگئے۔ ڈوبنے والے چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ دریا میں گرے سیاحوں کی تلاش کے لیے امدادی اداروں نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ دریا کا بہاؤ انتہائی تیز ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پل پر خواتین اور بچوں سمیت40 سے زائد سیاح کھڑے تھےکہ اچانک پل ٹوٹ گیا اور پل پر موجود تمام لوگ نالے میں بہہ گئے۔ نالہ جاگراں بلندی سے نیچے اترنے والا انتہائی تیز رفتار نالہ ہے جس میں پانی بہت تیز رفتاری سے بہتا ہے لہٰذا گرنے والے سیاحوں کےبچنے کی امید بہت کم ہے۔ نالے میں ڈوبنے والے چار سیاحوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ شاہد محمود کا کہنا ہے کہ پل پر 40 سے زائد سیاح موجود تھے، خستہ حال پل گنجائش سےزیادہ افراد کا وزن برداشت نہ کرسکا اور ٹوٹ گیا جس کے باعث پل پر موجود تمام افراد نالے میں گرگئے۔ نالے سے اب تک چار لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 6 افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے۔

دریا میں گرنے والے سیاحوں میں کالج کے طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں۔ نیلم حادثے میں متاثرہ افراد کی اکثریت کا تعلق فیصل آباد، لاہور اور سرگودھا سے ہے۔ دریا میں ڈوبنے والے پپس کالج فیصل آباد کے تین طالبعلموں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ دوطالبات اورایک طالبعلم کو زندہ بچالیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے طالبعلموں کی شناخت شاہ زیب، عبدالرحمان اور محمد زبیر کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ پپس کالج کی طالبات انعم دختر مطلوب، علینہ بی بی اور طالبعلم ولید ساجد کو زخمی حالت میں نکال لیاگیا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر نے وادی نیلم واقعہ پر فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نیلم اور ایس پی کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا ئے۔ راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات اوربد انتظامی کے ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے، ریسکیو ٹیموں کے ساتھ پاک آرمی بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے۔
بشکریہ ایکسپریس


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).