‘ہم سب‘ کے قارئین کے نام ایک مختصر سا مکمل خط!


ہم سب پر کافی دنوں سے غیر حاضری رہی۔ اس کی وجوہات میں کئی مصروفیات کا عمل دخل ہے لیکن نمایاں کردار مائنڈ میٹرز کے نام سے ایک یو ٹیوب ویڈیو چینل کا قیام تھا۔ 35 ویڈیوز کی تکمیل کے بعد اس کو پبلش کر دیا گیا ہے۔ موضوعات میں، خوف، مغالطے، تعصبات، شمسی نظام کی وسعت کو ماپنے کے کچھ طریقوں سے لے کر نیورولوجی، انسانی جسم کی ساخت، بچوں کی نفسیات وغیرہ شامل ہیں۔

ابتدا میں صرف یہ خیال غالب تھا کہ بچوں کی نفسیات پر کچھ کیا جانا چاہیے کیونکہ اس موضوع کے نام پر ہمارے ہاں عجیب و غریب مذاق کیا جاتا رہا ہے۔ بچوں کی نفسیات ایک سائنس ہے لیکن ہمارے ہاں دیگر سائینسز کی طرح اس پر بھی کافی کھیل کھیلا گیا۔ ہمارے ہاں زور ’بچوں کو نیک کیسے بنایا جائے؟ ‘ وغیرہ پر رہا ہے۔ نیک ہونا ایک موضوعی بات ہے اس سے سائنس کا لینا دینا نہیں۔ سائنس اپنے سامنے کچھ کائناتی اخلاقی اصولوں کو سامنے رکھتی ہے جو ہزاروں سال کا تہذیبی نچوڑ ہیں۔ تو مقصد اس یوٹیوب چینل کا یہ تھا کہ کوئی ایسا پلیٹ فارم بنایا جائے جہاں بچوں کی نفسیات پر بات ہو کیونکہ نسل انسانی نے بمشکل کوئی ایک ڈیڑھ صدی قبل بچوں کو سمجھنا شروع کیا۔ بچوں کی عمومی نفسیات سے عدم واقفیت کی بنا پر اس مخلوق پر بے حد ظلم ہوا ہےاور پسماندہ و نیم ترقی یافتہ ممالک میں یہ روش جاری ہے۔

نوکری اور دیگر مصروفیات کی بنا پر اس چینل کے لیے وقت نکالنا مشکل کام تھا اور خواہش تھی کہ ویڈیوز کی ایک معقول تعداد ہوجائے تو اسے پبلش کیا جائے۔ بچوں کی نفسیات پر ویڈیوز بناتے ہوئے کئی اور موضوعات پر ویڈیوز بنتی چلی گئیں اور تمام ویڈیوز بناتے وقت بنیادی مرکزی خیال دماغ میں یہی تھا کہ ہمارے ہاں سائنسی طرز فکر اور عقلی رویوں میں کمی دیکھنے میں نظر آتی ہے۔ سائنس کی جانب اجتناب میں جہاں کئی عوامل ہیں وہاں سائنس پڑھانے والے کا اپنا سائنس سے کمزور تعلق اور سائنس کو مشکل کر کے پڑھانا وغیرہ بڑی رکاوٹیں ہیں۔

مزید گذارش یہ ہے کہ ابھی ہم سب پر باقاعدگی سے لکھنے میں کچھ وقت لگے گا۔ میڈیا کو خدا حافظ کہنے کے بعد گلگت بلتستان میں مستقل قیام کا ارادہ ہے لیکن قیام ایسی جگہ ہو گا جہاں انٹر نیٹ اور موبائل کے سگنلز نہیں ہوں گے۔ بہرحال جلد ایک معمول سیٹ ہو جائے گا اور کریم آباد یا گلگت آ کر ’ہم سب‘ کو تحاریر روانہ کرتا رہوں گا۔
مائنڈ میٹرز کی ویڈیوز میں اگر آپ کو کچھ ’جان‘ نظر آئے تو ضرور شئیر کرتے رہیے گا۔

والسلام!
وقار احمد ملک

یوٹیوب چینل

https://www.youtube.com/channel/UCq8Io96Uam6OaHqXyAv2UJA/videos

فیس بک پیج
https://www.facebook.com/mindpk/

وقار احمد ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وقار احمد ملک

وقار احمد ملک اسلام آباد میں مقیم ایک صحافی ہے۔ وہ لکھتا نہیں، درد کی تصویر بناتا ہے۔ تعارف کے لیے پوچھنے پر کہتا ہے ’ وقار احمد ملک ایک بلتی عورت کا مرید اور بالکا ہے جو روتے ہوئے اپنے بیمار بچے کے گالوں کو خانقاہ کے ستونوں سے مس کرتی تھی‘ اور ہم کہتے ہیں ، ’اجڑے گھر آباد ہوں یا رب ، اجڑے گھر آباد۔۔۔‘

waqar-ahmad-malik has 180 posts and counting.See all posts by waqar-ahmad-malik