چین: 32 ہزار فٹ کی بلندی پر مسافر طیارے کی ونڈ سکرین ٹوٹ گئی


Workers inspect a Sichuan Airlines aircraft that made an emergency landing after a windshield on the cockpit broke off, at an airport in Chengdu, Sichuan province, China May 14, 2018.

ہنگامی لینڈنگ کے بعد ماہرین جہاز کا معائنہ کر رہے ہیں

چین کے مسافر بردار طیارے کی دورانِ پرواز فضا میں ونڈ سکرین ٹوٹنے کی وجہ سے جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

مسافر طیارے کی ونڈ سکرین اس وقت ٹوٹی جب جہاز 32 ہزار فٹ بلندی پر تھا۔

ایئر بس A319 کے کپتان کا کہنا ہے کہ اچانک کاک پٹ میں زودار دھماکے سے فضا ہی میں ونڈ سکرین ٹوٹ گئی۔ انھوں نے چین کے مقامی روزنامے کو بتایا کہ حادثے سے قبل ایمرجنسی وراننگ نہیں ملی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ ’ونڈ سکرین میں کریک پڑا اور زور دار آواز آئی۔ دوسری چیز جو مجھے پتا چلی کہ میرا معاون پائلٹ کاک پٹ سے باہر کھینچا آ رہا تھا۔

خوش قسمتی سے معاون پائلٹ نے بیلٹ پہنی ہوئی تھی۔ اُسے پکڑ کر دوبارہ کاک پٹ میں لایا گیا۔ جہاں درجہ حرارت اور دباؤ کم ہو رہا تھا اور چیزیں گر رہی تھیں۔

جہاز کے کپتان نے کہا کہ ’ہر چیز ہوا میں معلق تھی۔ میں ریڈیو بھی نہیں سن پا رہا تھا۔ جہاز تیزی سے جھول رہا تھا اور میں گیجز کو بھی پڑھ نہیں پا رہا تھا۔‘

سیچوان ایئر لائن کے مسافر طیارے کو جب یہ حادثہ پیش آیا اس وقت جہاز میں مسافروں کو ناشتہ دیا جا رہا تھا اور اچانک جہاز 24 ہزار فٹ نیچے چلا گیا۔

ایک مسافر نے چین کی سرکاری نیوز سروس کو بتایا کہ ’ہمیں پتہ نہیں چلا کہ اچانک کیا ہوا ہے اور ہم پریشان ہو گئے۔ آکسیجن ماسک گر گئے۔ جہاز سنھبلنے کے بعد ایک اور مرتبہ نیچے آیا۔‘

A still from mobile phone footage from the plane, showing oxygen masks in the plane

حادثے کے وقت آکسیجن ماسک گر گئے

جہاز میں سوار 119 افراد محفوظ رہے اور ہنگامی لینڈنگ کے بعد 27 افراد کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔

چین کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں معاون پائلٹ کو معمولی زخم آئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جہاز کے کپتان کو باحفاظت لینڈنگ کرانے پر بہت داد دی گئی۔ چین کی مقامی سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر چائنا ہیرو پائلٹ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

جہاز ساز کمپنی ایئر بس کا کہنا ہے کہ وہ اس حادثے کی تحقیقات کے لیے اپنی ٹیم کو چین روانہ کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32486 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp