شمالی کوریا کا جنوبی کوریا کے ساتھ ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان


کوریا

دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان گذشتہ ماہ تاریخی ملاقات ہوئی تھی

شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی امریکہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشق کرنے پر اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بدھ کو اپنے ہمسائے ملک کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات ملتوی کر دی ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق فوجی مشق ‘اشتعال انگیز’ ہیں اور یہ چڑھائی کی تیاریاں ہیں۔

مزید کہا گیا کہ ایسا کرنے سے 12 جون کو سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

اس بارے میں جاننے کے لیے مزید پڑھیے

’کم جونگ ان سے ملنا اعزاز کی بات ہوگی‘

کم جونگ ان سے بارہ جون کو ملاقات ہو گی: ٹرمپ کا اعلان

’اکیسویں صدی کا سب سے اہم سیاسی جوا‘

’جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عزم‘

واضح رہے کہ مارچ میں امریکی صدر نے اپنے شمالی کوریائی ہم منصب کی دعوت ملاقات قبول کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان سے ملاقات کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور انھیں شمالی کوریا کے موقف میں کسی تبدیلی کا کوئی علم نہیں ہے۔

امریکہ اورجنوبی کوریا کہ درمیان جمعے سے جاری فوجی مشق میں 100 کے قریب جنگی جہاز حصہ لے رہے ہیں جن میں بی 52 بمبار طیارے اور ایف 15 جیٹ طیارے بھی شامل ہیں۔

کوریا

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ٹرمپ کی 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات ہونی ہے

امریکہ اور شمالی کوریا نے ہمیشہ یہ موقف اختیار کیا ہے کہ یہ مشقیں صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان 1953 میں کیے گئے دفاعی معاہدے کے تحت ہوتی ہیں۔

شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے حکام کے درمیان بدھ کو ہونے والی ملاقات اس ہفتے کے شروع میں طے ہوئی تھیں۔

اس میٹنگ میں دونوں ممالک کے سربراہان کی 27 اپریل کی ملاقات کے بعد کا لائحہ عمل طے کیا جانا تھا۔

گذشتہ ماہ ہونے والی تاریخی ملاقات میں شمالی کوریا کے کم جونگ ان اور جنوبی کوریا کے مون جائی ان نے مشترکہ اعلان کیا تھا کہ خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp