اگلے چھ روز کراچی میں شدید گرمی کا امکان؛ شہریوں کو احتیاط کی ہدایت


محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 روز تک کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے اور شہر میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری بھی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج اور کل سمندری ہوائیں منقطع ہونے کا امکان ہے اور آج درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ صبح 10 بجے کراچی کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جب کہ گرمی کی شدت 37 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔ دن گزرنے کے ساتھ درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی جب کہ ہیٹ ویو 6 دن  جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے اور کراچی انتظامیہ، کے الیکٹرک، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کو ایڈوائزری بھیج دی گئی ہے، متعلقہ ادارے پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری ہیلتھ اور کمشنرکو فون کرکے موبائل اسپتال سروس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ ہیٹ اسٹروک سینٹر پر ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).