وہ تحفہ جو بیٹی کے مرنے کے اگلے روز ماں کو ملا


جس ماں کی جوان بیٹی دنیا سے رخصت ہو جائے اس کا غم یقیناً ناقابل بیان ہے لیکن بیٹی کی موت کے اگلے ہی روز ماں کو اس کی جانب سے بھجوایا گیا تحفہ موصول ہو جائے تو سوچئے بیچاری کے دل کا حال کیا ہو گا؟ یہ دردناک واقعہ بھارت کے مظفر گڑھ ڈسٹرکٹ میں پیش آیا جہاں ایک دکھیاری ماں کو مدرز ڈے کے موقع پر ایک روز پہلے دنیا سے رخصت ہونے والی بیٹی کا تحفہ موصول ہو گیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 24 سالہ طالبہ روبینہ ایک مقامی کالج میں ایم ایس سی کی طالبہ تھیں۔ جمعہ کے روز اچانک وہ اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں کو روتا چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئیں۔ روبینہ کی موت ان کی والدہ کے لئے بلا شبہ بہت ہی بڑا صدمہ تھا لیکن انہیں معلوم نہیں تھا کہ اگلے دن ان کے دل پر ایک اور گہرا زخم لگنے والاتھا۔ ہر سال مدرز ڈے کے موقع پر روبینہ اپنی والدہ کے لئے کیک لاتی تھیں مگر اس سال نجانے ان کے دل میں کیا خیال آیاکہ کیک خود لانے کی بجائے اپنی والدہ کے لئے اس کی بکنگ کروادی۔ مدرز ڈے سے ایک دن قبل روبینہ کی موت ہوگئی اور اگلے دن ڈلیوری مین ان کی والدہ کے لئے بک کروایا گیا کیک لے کر ان کے گھر جا پہنچا۔

روبینہ کے والد ضمیر احمد نے بتایا ”ہم تو پہلے ہی غم سے نڈھال تھے۔ اس پر یہ تحفہ آیا تو دل اور بھی تڑپ اُٹھا۔ وہ سالگرہ اور دیگر ایسے مواقع منانا بہت پسند کرتی تھی۔ وہ میری سالگرہ پر مجھے تحفہ دیتی تھی اور اپنی والدہ کو سالگرہ کے علاوہ مدرز ڈے کے موقع پر بھی تحفہ دیتی تھی۔ اس بار وہ مدرزڈے سے ایک دن پہلے دنیا سے رخصت ہو گئی لیکن ہمیں معلوم نہیں تھا کہ وہ جانے سے پہلے ماں کے لئے تحفے کی بکنگ کروا گئی تھی۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).