ٹیکساس اسکول فائرنگ میں پاکستانی طالبہ بھی جاں بحق


امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ واقعے میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق طالبہ سبیکا کراچی کی رہائشی تھی۔

پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سانتافے ٹیکساس میں ایکسچینج ایئر پروگرام کی طالبہ تھی۔ ٹیکساس میں پاکستانی قونصل خانے نے پاکستانی طالبہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ حملہ آور 17 سالہ لڑکے کو گرفتار کر لیا گیا ۔ گرفتار طالب علم کی شناخت دمتری پیگروتس کے نام سے ہوئی ہے جو سانتافے اسکول کا طالب علم ہے ۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہیوسٹن کے ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں ایک طالب علم نے اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی درجنوں گاڑیوں اور تین ہیلی کاپٹرز نے اسکول کو گھیر لیا ۔ مقابلے کے بعد 17 سالہ طالب علم سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کے تحت چلنے والے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کاحصہ تھی۔ پروگرام کی منتظم امریکن کاؤنسلز نے سبیکا عزیز کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ سبیکا کے ساتھی طالب علموں نے واقعے میں سبیکا کے جاں بحق ہونے پر شدید غم و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد دو مقامات پر تلاشی لی گئی جہاں سے مزید دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے جبکہ طالب علم کے زیر استعمال ایک ڈائری سے معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور خودکشی کرنا چاہتا تھا مگر اس کی ہمت نہ کر پایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے لیے مزید دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔

گورنرٹیکساس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والےطالبعلم نے والد کی بندوق استعمال کی۔ ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ طالبعلم جرم کرنے اور خودکشی کی خواہش کا اظہار کر چکا تھا۔

امریکا میں پاکستان کے سفیراعزاز چودھری نے سانتا فے فائرنگ واقعے پر اظہارافسوس کیا ہے۔ اعزازچودھری نے کہا کہ ہم سبیکا شیخ کے لواحقین اور دوستوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).