اردونصابات: غریب کی جورو سب کی بھابھی


پاکستانی تعلیمی اداروں میں اردو، غریب کی جورو سب کی بھابھی بنی ہوئی ہے۔ ریاستی آئیڈیالوجی، مذہب، اخلاقیات، تاریخ غرض کیا کچھ نہیں ہے جسے اردو کے نصابات میں ٹھونسا نہیں جاتا۔ اردو، غریب کی جورو کی طرح سب کی ہاں میں ہاں ملاتی ہے، اور وہ سب بوجھ اٹھاتی ہے جو حقیقت میں دوسرے مضامین کے ہیں۔ اردو نصابات کی اس بوالعجبی کا علم سب کو ہے، مگر گزشتہ کئی دہائیوں سے اس کے چلن نے، اس کی طرفگی کے نوکیلے احساس کا خاتمہ کر دیا ہے، اور اسے معمول کی چیز بنا دیا ہے۔ سوائے چند تعلیمی ماہرین کے، باقیوں کواس بات پر حیرت ہی نہیں ہوتی کہ اردو کی نصابی کتابوں میں نصف سے زیادہ تحریریں مذہب و تاریخ و اخلاقیات سے متعلق ہوتی ہیں۔ کسی بوالعجبی کا معمول بن جانا ایک سانحہ ہے، کیوں کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ لوگ انمل، بے جوڑ چیزوں کو بغیر تنقیدی شعور کے قبول کرنے لگے ہیں، اور کہیں کی اینٹ اور کہیں کے روڑے کو ایک ساتھ تصور کرنے میں انھیں کوئی حرج نہیں محسوس ہو رہا۔ تنقیدی شعور کے خاتمے، اور اس خاتمے کی بے خبری سے بڑا سانحہ کیا ہوسکتا ہے!

 ہر مضمون کے نصاب کا دائرہ، اس مضمون تک محدود رکھا جاتا ہے، تاکہ طالب علم کی توجہ کا ہدف واضح اور متعین ہو۔ مبادا غلط فہمی ہو، اسی مقام پر یہ واضح کر دیا جانا چاہیے کہ مضامین (اور زیادہ مناسب لفظوں میں شعبہ  علم یا ڈسپلن) کے دائروں کا حتمی تعین دشوار ہے، اورتمام مضامین کی حدود آپس میں کہیں نہ کہیں ملتی ہیں، مگر اس حقیقت کا احساس، ان مضامین کے بارے میں اعلیٰ ترین دانش ورانہ سطح پر سوچنے کے وقت ہوتا ہے۔ کم از کم سکول اور کالج کی سطح پر سائنس، سماجی علوم، اسلامیات، تاریخ سمیت سب مضامین کے دائرے مقرر ہیں، اور ایسا شاید ہی کبھی ہوا ہو کہ طبیعیات کے مضمون میں تاریخ پڑھائی جائے، یا تاریخ کے مضمون میں کیمیا کے ابواب شامل کیے جائیں، یا تاریخ پاکستان کے مضمون میں افریقا کی تاریخ شامل کی جائے۔ گویا نصاب سازی میں یہ بات اصول کا درجہ رکھتی ہے کہ ہر مضمون کی حدود کا خیال رکھا جائے اوراس کی سختی سے پابندی کی جائے۔ لیکن اردو کواس اصول سے استثنا حاصل ہے۔ اس استثنا کی ایک تاریخ ہے، جس کا آغاز نو آبادیاتی تعلیمی نظام سے ہوتا ہے، جسے ریاستی آئیڈیالوجی کی تبدیلی کے سوا عام طور پر ملحوظ رکھا گیا ہے۔

اس وقت پاکستان میں جو اردو نصابات پڑھائے جا رہے ہیں، وہ بہ ظاہر 2009ء کی تعلیمی پالیسی کے مطابق تیار کیے گئے ہیں، لیکن ان نصابات کی روح پرانی ہے۔ اکیسویں صدی کے پہلے عشرے کے خاتمے پر رائج ہونے والی اس تعلیمی پالیسی میں جن تعلیمی مقاصد کا ذکر ہے، وہ نئے نہیں ہیں۔ یہ مقاصد وہی ہیں، جو آئین پاکستان میں درج ہیں، یا جنھیں تحریک پاکستا ن اور قیامِ پاکستا ن کی سرکاری تاریخوں میں کثرت سے دہرایا جاتا ہے۔

”پاکستان کی اکثریت کی ثقافتی اقدار اسلام سے اخذ کی گئی ہیں۔ چوں کہ تعلیمی نظام سماجی، ثقافتی اور اخلاقی اقدار کی عکاسی کرتا ہے، اور ان کی تقویت کا باعث ہوتا ہے۔ اس لیے تعلیمی اقدامات، مذہب اور عقیدے کی بنیادی اقدار پر مبنی ہونی چاہییں۔

پالیسی اسلامی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، اور اس سلسلے میں مسلم اصولوں کی پیروی کرتی ہے۔ تمام پالیسی اقدامات کو پالیسی اصولوں میں طے کردہ حدود کے اندر بروے کار لایا جاتاہے، جیسا کہ پاکستان کے آئین مجریہ 1973ء کے آرٹیکلز29، 30، 31، 33، 34، 37 اور 40 میں قرار دیا گیا ہے۔ ان میں پاکستانی بچوں کو پروقار شہری بنانا شامل ہے، جن کا مذہب اور اسلامی تعلیمات نیز پاکستانی معاشرہ کی ثقافتی اقدار اور روایات پر یقین محکم ہو۔“

بلاشبہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت مسلمانوں پر مشتمل ہے، لیکن کیا دیگر مذاہب کے لوگ پاکستانی شہری نہیں ہیں، اور اس حیثیت میں وہ تعلیمی حقوق نہیں رکھتے؟ کیا وہ اتنا حق بھی نہیں رکھتے کہ ان کی موجودگی کا ذکر اس تعلیمی پالیسی میں کیا جائے؟علاوہ ازیں اس تعلیمی پالیسی میں اس فرق کو بھی واضح نہیں کیا گیا، جس کا تعلق طالب علموں کو سماج کی اقدار کے اندھے مقلد بنانے اور ان اقدار کی اہمیت کو سمجھ کر قبول کرنے میں ہے۔

تعلیمی پالیسی میں جن مقاصد کا ذکر ہے، اردو ان کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ بنی ہے۔ پاکستان کے تعلیمی ڈسکورس (جو پاکستان کے سرکاری قومی بیانیے ک عکس ہے) کی رو سے دیکھیں تو اردو ایک زبان، ایک ذریعہ ابلاغ سے کہیں ’بڑھ‘ کر ہے؛ وہ ’قومی، مذہبی ‘اقدار کی حامل اور محافظ ہے۔ جس طرح اسلام سے متعلق یقین کیا جاتا ہے کہ وہ تمام پاکستانیوں کو یکجا رکھ سکتا ہے، اسی طرح اردو کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سب پاکستانیوں کو اکٹھا رکھ سکتی ہے۔ ایک مذہب، ایک زبان، ایک قوم کے بیانیے میں زبان کا مرتبہ مذہب اور قوم سے کم تر نہیں سمجھا گیا، اور زبان کے قومی کردار سے اختلاف کرنے والوں کو کم وبیش اسی توہین کا مرتکب سمجھا جاتاہے، جو مذہب اور قوم کے ریاستی حاوی بیانیے سے اختلاف کرنے والوں کے لیے تصور کی گئی ہے۔ اردو زبان کی یہ ایک ایسی مقدس خصوصیت ہے، جس سے باقی اکہتر پاکستانی زبانیں محروم تصور کی گئی ہیں۔ یوں اردو کو خود بخود باقی زبانوں پر اقتدرای حیثیت حاصل ہوجاتی ہے، اور جو لوگ اس کا علم اٹھا کر چلتے ہیں، انھیں طاقت کے کھیل میں خود بخود حصہ مل جاتا ہے۔

 انیسویں صدی میں یوپی اور بیسویں صدی میں پنجاب کے مسلمانوں نے خاص طور پر اردو کو اپنی مذہبی شناخت کے طور پر قبول کرنا شروع کیا۔ اس کا باعث نو آبادیاتی عہد کے برصغیر کے جدید تعلیم یافتہ دانش وروں کی مخصوص حکمت عملی تھی، جس کے مطابق انھوں نے اپنی آزادی کی آئینی اور عوامی جنگ، استخراجی قومیت پرستی کے ذریعے لڑنا پسند کی، اس جنگ میں ایک قوم، ایک زبان، ایک مذہب کا بیانیہ راسخ ہوا۔ جس بیانیے کو آزادی کی جنگ میں ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا، اسے اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے بھی کارآمد سمجھا گیا۔ جنگی حکمت عملی میں بہت سی ایسی باتیں ناگزیر سمجھی جاتی ہیں، جن کا معمول کی زندگی میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ قیام پاکستان کے بعد اس اہم نکتے کو بالعموم فراموش کر دیا گیا۔ یہ ایک بدیہی حقیقت ہے کہ پاکستان جیسے کثیر لسانی ملک کو ایک مشترک زبان چاہیے تھی، اور چاہیے ہے۔ وہ انگریزی یا اردو ہو سکتی ہے۔ عملاً یہی دو زبانیں رابطے کا ذریعہ ہیں۔ انگریزی اشرافیہ کی سطح پر اور اردو عوامی سطح پر لیکن زبان کو ابلاغ کا ذریعہ سمجھنا، اورکسی ایک زبان کو قومی وجود کے بقا کی علامت سمجھنا دو قطعی مختلف باتیں ہیں، کیوں کہ آخر الذکر صورت کا لازمی نتیجہ ان سب آوازوں کو کچلنے کی صورت میں برآمد ہوتا ہے جو اپنی شناخت کے حق کے لیے بلند ہوتی ہیں۔ حالاں کہ کسی کو اپنی شناخت کے حق سے محروم رکھنے کے نتیجے میں، اس کی طرف سے مخفی اور متشدددانہ حکمت عملیاں اختیار کرنے کا خطرہ مسلسل منڈلاتا رہتا ہے۔ قابل ِ غور بات یہ بھی ہے کہ جب کوئی ایک زبان، کثیر لسانی معاشروں میں رابطے اور ابلاغ کا ذریعہ بنتی ہے تو خود بہ خود اس کا ایک نیا نرم تصور (سوفٹ امیج) ابھرتا ہے۔ مختلف مادری زبانیں بولنے والے، اسے اپنے اوپر مسلط سمجھ کر اس سے نفرت نہیں کرتے، بلکہ اسے آسانی پیدا کرنے کا ذریعہ خیال کرتے ہیں، نیز اسے اپنے مخصوص لسانی گروہ سے باہر اپنے خیالات وتجربات کی ترسیل کے لیے ناگزیر سمجھ کر قبول کر لیتے ہیں۔

بہ ہر کیف اردو نصابات پر گفتگو خود بہ خود اردو کے سرکاری بیانیے کی طرف مڑ جاتی ہے۔ ان نصابات پر ایک نظر ڈالنے سے یہ معلوم ہوجاتا ہے کہ انھیں پاکستان کی قومی، مذہبی اقدار کے سب سے بڑے محافظ تصور کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پہلی جماعت سے لے کر ایم اے کی سطح تک اردو نصابات میں اسلامیات اور تحریک پاکستان لازمی حصہ ہیں۔ ابتدائی جماعتوں میں البتہ ان کا تناسب زیادہ ہے۔

باقی تحریر پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2

Subscribe
Notify of
guest
8 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments