غلط فیصلے الٹ جائیں گے، ترقی کا دور پھر شروع ہوگا: نواز شریف


سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا ہے اور عہد کرو کہ ووٹ کو بے عزت نہیں ہونے دو گے، میں عوام کی خدمت کر رہا تھا، میری ذات کا عمل دخل نہیں، غلط فیصلے الٹ جائیں گے، ترقی کا دور پھر شروع ہوگا۔

اٹک میں مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دن رات نوجوانوں کے مستقبل کے لیے کام کررہا تھا،یکایک ایک دن نواز شریف کو فارغ کردیا گیا، دوہزار تیرہ میں لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی،کہاں گئی اب لوڈ شیڈنگ ،ہم بجلی لائے،بجلی سستی بھی کریں گے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختون خوا جاکر دیکھو، تم نے خیبر پختونخوا کے لوگوں کو دھوکہ دیا، تم نے صوبے کو آثار قدیمہ بنا دیا، تم جھوٹے ہو، منافق ہو۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہتے تھے نواز شریف کو نکالیں گے تو یہ زیرو ہوجائے گا، لیکن آج نواز شریف کے لوگ ووٹ کو عزت دینے کی بات کر رہے ہیں، آپ نے نواز شریف کو نکال کر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا ہے۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میرا اور اٹک کا جیل کا رشتہ ہے، اٹک کے قلعے میں نواز شریف کو بند کر دیا، ہتھکڑیاں پہنائی گئیں، آج کیا سلوک کر رہے ہو، ان لوگوں کو جا کر کوئی نہیں پوچھتا جو بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کر کے چلے گئے، ان کی صفر بٹا صفر کارکردگی رہی ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).