عمران خان کے یو ٹرنز اور سلیم صافی کا بغض


میں سلیم صافی کو تب سے جانتی ہوں جب یہ پی ٹی وی پہ پروگرام کیا کرتے تھے اور میں تب یونیورسٹی آف سینٹ اینڈریوز میں سیاسیات کی طالب علم تھی۔ گاہے گاہے انہیں پڑھنے اور سننے کا موقع ملتا رہا۔ میں ان کی صحافیانہ اقدار اور معروضی تجزیے کی معترف رہی ہوں۔ تین چار سال قبل صافی صاحب پہ عقدہ کھلا کہ پاکستان کے مروجہ سارے مسائل کا ذمہ دار عمران خان ہے اور عمران خان کے یو ٹرنز نےجمہوریت کی بقا حتی کہ ملکی سالمیت کو داو پہ لگا دیا ہے۔

صافی صاحب پہ دوسرا بڑا انکشاف یہ ہوا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی گورنمنٹ کا بننا پختونوں پہ ظلم عظیم ہوا ہے۔ اور یوں ان کی صحافت کا رخ بدل گیا اور ذاتی حملوں اور رکیک جملوں پہ اتر آئے اور بغض عمران میں ایسے ایسے انکشاف بھی کئیے جن کا کوئی وجود بھی نہیں تھا۔ اب تو صافی صاحب کا کینہ اس نہج پہ آ پہنچا ہے کہ وہ صحافیانہ اقدار کو پامال کرتے ہوئے سیاسی جماعت کی زبان اور عرفیتیں بولنے لگ پڑے ہیں۔

حال ہی میں ان کا ایک مضمون “لاڈلے کے یو ٹرن” پڑھنے کا موقع ملا تو دل کیا کہ اس کا جواب لکھا جائے اور ان کو آئینہ دکھایا جائے کہ بغض پی ٹی آئی کی آڑ میں وہ جس پارٹی کے لئے رائے عامہ ہموار کر رہے ہیں اس کہ مندرجہ ذیل اقدامات کو وہ کیا نام دیں گے؟ اگر یہ کالم صافی صاحب کی نظر سے گزرے تو وہ اس جواب آں غزل کو ذاتی عناد کی عینک اتار کر پڑھیں شائد کوئی تشفی ہو جائے۔

سلیم صافی صاحب اور ان کے میڈیا گروپ کے مالک گزشتہ کئی سال سے نواز شریف کو جمہور کی علامت اور سویلین بالادستی کا علمبردار سمجھتے ہیں اور یہ شائد اس صدی کا سب سے بڑا مذاق ہے۔ سلیم صافی صاحب اور ان کی قبیل کے دوسرے دانشور حضرات کے حضور کچھ بنیادی سوالات درپیش ہیں

  • عمران خان نے مشرف کو سپورٹ کیا اور بعد میں علی الاعلان معافی مانگ لی مگر آپ کے ممدوح جو ضیاالحق کی ہر برسی پہ اس کا مشن پورا کرنے کا اعادہ کرتے تھے اور آج وہ لبرل اور پروگریسو اور خود کو نظریہ کہتے ہیں۔ کیا یہ یو ٹرن نہیں ہے؟
  • آپ کو مشرف کے ساتھیوں کی عمران خان کی جماعت میں شمولیت کھبتی ہے تو اسی کے حواریوں کو ن لیگ میں دیکھ کر آپ کا قلم کیوں رک جاتا ہے ؟
  • عمران نے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے کر ظلم عظیم کیا ہے اور ایک بڑا یو ٹرن لیا ہے تو ن لیگ نے پچھلے الیکشنز میں جسٹس شاکر اللہ جان کا نام دے کر جو واپس لیا تھا تو وہ کیا تھا؟
  • نواز شریف نے گزشتہ الیکشنز سے قبل آصف علی زرداری سے اپنے بھائی عباس شریف کی وفات پہ تعزیت لینے سے انکار کر دیا تھا اور ٹھیک ایک سال بعد ان کو رائیونڈ بلا کر ستر کھانے پکائے اور خود ڈرائیونگ کی۔ اس کو آپ کیا نام دیں گے ؟
  • جب عدلیہ نے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا تو بقول نوازشریف یہ ایک تاریخی فیصلہ تھا مگر اپنی نااہلی کے بعد یہ غلطی میں تبدیل ہو گیا؟ اس کے لئیے کیا بہتر لفظ استعمال کیا جائے؟
  • اے طاہر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی اور کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے جب ملک و قوم پہ قرضوں کے انبار لاد دئیے تو اس کے لئے بھی کوئی مناسب لفظ تجویز کر دیں۔
  • چھ مہینوں میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعوی اور بعد میں اسے سیاسی بیان قرار دینے کو کیا کہا جائے؟
  • زرداری کا پیٹ پھاڑ کر دولت نکالنے اور اسے لاہور اور نوڈیرو کی سڑکوں پی گھسیٹنے کا عزم کرنے والوں کا اس پہ معافی مانگنا اور اسے جوش خطابت کہہ دینا کیا کہلائے گا؟
  • پی ٹی اٗئی کی بدزبانیوں پہ آپ نے یوتھیا لفظ تو گھڑ لیا مگر عابد شیر علی اور دانیال عزیز کی بد تمیزیوں اور خواجہ آصف کے نازیبا الفاط آپ کی سماعتوں کو کیوں ناگوار نہیں گزرتے؟
  • نواز شریف کا پارلیمان میں کھڑا ہو کر جھوٹ بولنا جائز اور عمران خان کا پارلیمان پہ لعنت بھیجنا ناجائز کیوں ہے ؟
  • عمران کا شیخ رشید کو پارٹی سے قریب کرنا غلط تو نواز شریف کا مشاہد حسین کو پارٹی میں شامل کرنا صیحح کیوں ہے؟
  • اگر عمران پہ ذاتی حملہ کرنے والے بابر اعوان آج ان کے مشیر ہیں تو نواز شریف پہ زہر اگلنے والے دانیال عزیز اور ماروی میمن بھی تو ن لیگ کے ہراول دستے میں ہیں۔ اگر وہ غلط ہے تو یہ غلط کیوں نہیں ہے ؟
  • اگر عمران ایمپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرتے رہے ہیں تو نواز شریف نوے کی دہائی میں بینظیر کے خلاف ایمپائر کو ساتھ ملا کر کھیلتے
  • احد چیمہ کیس، آشیانہ ہاوسنگ، سستی روٹی، دانش سکول، پیلی ٹیکسی جیسے بوگس اور غیر ضروری منصوبوں اور جو کرپشن کر رہے ہیں۔ اس کے خلاف کوئی حرف تبرا کیوں آپ لوگوں کی زبان سے ادا نہیں ہوتا؟بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں اس کےباوجود آپ احباب کی نظر میں شہباز شریف اچھے منتظم کیوں ہیں ؟
  • نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر جس طرح مزہبی تفرقہ بازی اور نفرت پھیلا رہے ہیں اس کےباوجود آپ کی زبان سے حرف مذمت ادا کیوں نہیں ہوتا؟ اس کے باوجود ن لیگ لبرل پارٹی کیسے ہے؟
  • بدتریں خاندانی آمریت کے باوجود ن لیگ جمہوری پارٹی کیسے ہے؟
  • دو جہان کا لچا لفنگا ن لیگ جوائن کر لے تو ٹھیک پی ٹی آئی میں آ جائے تو ملکی سالیمت خطرے میں کیوں پڑ جاتی ہے ؟
  • ن لیگ کے لئے الگ معیار اور پی ٹی آئی کے لئے الگ معیارات کیوں ہیں؟
  • جمہور تو اداروں اور قانون کی حکمرانی کا نام ہے۔ ن لیگ جس طرح اداروں کو پامال کر رہی ہے اس کے باوجود وہ جمہور کی عملبردار کیسے ہے؟
  • عمران خان کا دھرنا دینا غلط اور نواز شریف کا جی ٹی روڈ پہ تماشا لگانا صیحح کیوں ہے؟ نواز شریف کے تضادات صیحح اور عمران کے غلط کیوں ہیں؟
  • سچ تو یہ ہے کہ عمران خان نے سترہ سال اصولوں کی سیاست کی اور ایک سیٹ بھی حاصل نہ کر سکا۔ پاکستان کی سیاست چند خاندانوں کے گرد گھومتی ہے اور عمران خان نے اس بات کو بدیر مگر سمجھ لیا ہے اور پاکستان کی سیاست میں اتنی غیر یقینی ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنا نقطہ نظر اسی بدلتے تناظر میں بدلنا پڑتا ہے اور یہ یو ٹرن نہیں سیاسی حکمت عملی کہلاتی ہے۔ عمران خان کی پارٹی پہلی دفعہ پارلیمانی سیاست کا حصہ بنی ہے اور نگران حکومتوں کے قیام میں تعطل اس پارٹی کی نا تجربہ کاری کو ظاہر کرتا ہے ورنہ جو حال پیتیس سال کے تجربہ کاروں نے ملک کے ساتھ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).