بانڈ سیریز کی پہلی ’بانڈ گرل‘ یونس گیسن چل بسیں


ہالی وڈ کی مشہور بانڈ سیریز کی پہلی ‘بانڈ گرل’ یونس گیسن 90 سال کی عمر میں چل بسی ہیں۔

انھوں نے سنہ 1962 میں 007 سیریز کی پہلی فلم ’ڈاکٹر نو‘ میں سلویا ٹرینچ کا کردار نبھایا تھا۔

ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ پیغام شیئر کیا گیا کہ ‘ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔’

بانڈ سیریز فلم کے پروڈیوسرز مائیکل جی ولسن اور باربرا بروکلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘ہمیں یونس گیسن کی موت کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا، ہماری پہلی ’بانڈ گرل‘، جنھوں نے ’ڈاکٹر نو‘ اور ’فرام رشیا ود لو‘ میں سلویا ٹرینچ کا کردار ادا کیا تھا۔’

‘ہماری دلی ہمدردیاں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔’

سلویا ٹرینچ کے کردار میں یونس گیسن نے سنیما کی تاریخ کے مشہور ترین تکیہ کلاموں میں سے ایک ‘مائی نیم از بانڈ، جیم بانڈ’ تخلیق کرنے میں مدد کی تھی۔

فلم میں جب ان کی ملاقات 007 سے لی سرکل کلب کیسینو میں ہوتی ہے تو وہ داؤ پر لگی رقم بڑھانے کا کہتی ہیں۔ جس کے جواب میں بانڈ کہتے ہیں: ‘میں آپ کی ہمت کا معترف ہوں، مس۔۔ارر؟’

‘ٹرینچ، سلویا ٹرینچ۔ میں آپ کی قسمت کی تعریف کرتی ہوں۔ مسٹر۔۔۔؟’

‘بانڈ، جیمز بانڈ’

https://twitter.com/EuniceGayson/status/1005404262480990208

یونس گیسن نے سنہ 2012 میں بتایا تھا کہ اس منظر کی فلم بندی آسان نہیں تھی کیونکہ شان کونری کو اس جملے کو ادا کرنے میں مشکل پیش آرہی تھی۔

انھوں نے کہا کہ ‘انھیں بانڈ، جیمز بانڈ کہنا تھا کہ لیکن وہ اسے الٹ پلٹ کرتے ہوئے شان بونڈ، جیمز کونری ادا کر رہے تھے۔ کٹ!، کٹ!، کٹ!’

ہدایت کار ٹیرینس ینگ کے کہنے پر یونس گیسن شان کونری کو ایک ڈرنک کے لیے ساتھ لے گئیں۔ وہ واپس آئے اور یہ جملہ بالکل صحیح ادا کیا۔

وہ بانڈ سیریز کی دو فلموں میں بانڈ گرل کا کردار ادا کرنے والی وہ واحد اداکارہ تھیں لیکن دونوں فلموں میں ان کی آواز نہیں سنی گئی۔

1960 اور 1970 کی دہائی کی دیگر بانڈ گرلز کی طرح ان کے مکالمے بھی وائس اوور آرٹس نکی وین ڈیر زیل نے ریکارڈ کروائے تھے۔

یونس گیسن سنہ 1928 کو انگلینڈ کی کاؤنٹی سرے میں پیدا ہوئی تھی۔ انھوں نے پہلی بانڈ گرل بننے سے پہلے سنہ 1958 میں ‘ہیمر ہارر’ سیریز کی فلم ‘دی ریونج آف فرینکنسٹین’ میں اداکاری کی تھی۔

بانڈ فلمز کے بعد انھوں نے کئی کلاسیک ٹی وی سیریز میں بھی کام کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp