پنجاب کی وزارت اعلیٰ پر تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی اور علیم خان آمنے سامنے


عام انتخابات میں ابھی چھ ہفتے باقی ہیں لیکن بلند سیاسی عزائم رکھنے والے رہنما ابھی سے بعد از انتخاب منظرنامے پر عہدوں کے لئے دست و گریبان ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں اپنی انتخابی مہم کی بنیاد اس دعوے پر رکھی ہے کہ تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد پنجاب کا وزیراعلیٰ میں بنوں گا۔

اپنے حلقہ میں مہم چلاتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس کی منظوری بھی دے دی ہے ، ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنے حلقہ انتخاب میں نمائندہ شخصیات اور حلقہ کی بااثر برادریوں کی یہ پیغام دینا شروع کر دیا ہے کہ تحریک انصاف کی کامیابی کی صورت میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ انہیں ہی دی جائے گی۔ دوسری جانب آج پنجا ب میں پارٹی ٹکٹس تقسیم کرنے کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جہاں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے غور و فکر کیا گیا۔ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق تحریک انصاف کے دو بڑے رہنماؤں میں وزارت اعلیٰ کے لیے جنگ چھڑ گئی ہے۔شاہ محمود قریشی لاہور سے صوبائی نشست پر الیکشن لڑنے کے خواہشمند جبکہ لاہور میں عمران خان کے حلقے سے صوبائی نشست کے امید وار علیم خان ہیں،پارلیمانی بورڈ نے شاہ محمود قریشی کو ملتان سے الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق علیم خان پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے سنجیدہ امیدوار ہیں اور اور کسی صورت شاہ محمود قریشی کو وزیر اعلیٰ نہیں دیکھنا چاہتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).