نواز، شہباز میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلاف، مسلم لیگ (ن) غیرمتوقع صورتحال سے دوچار


مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ پر نوازشریف اور شہبازشریف میں ہم آہنگی پیدا نہ ہوسکی، جس کی وجہ سے پنجاب میں بالعموم اور لاہور میں بالخصوص غیر متوقع صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مد مقابل آنے کے بعد خواجہ سعد رفیق سخت پریشان ہیں، اب وہ اپنے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دلانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، اسی طرح سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی عبد العلیم خان سے مقابلہ کرنے کو تیار نہیں، ایاز صادق نے اپنا روایتی حلقہ چھوڑ کر لاہور میں کسی اور حلقہ سے انتخاب میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اسی طرح مریم نواز بھی حلقہ این اے 125 سے تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد کا مقابلہ نہیں کرنا چاہتیں اور اب کسی اور حلقہ سے عام انتخاب میں حصہ لینے پر غور کر رہی ہیں۔

ملک پرویز کا پرانا حلقہ بھی تبدیل کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن وہ اسی حلقہ سے انتخاب میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ اسی طرح ملک ریاض کا حلقہ تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن نوازشریف ملک ریاض کی حمایت کررہے ہیں اسی طرح خواجہ احمد حسان کو قومی اسمبلی سے انتخاب لڑانے کے لئے شہبازشریف بھر پور کوشش کررہے ہیں جبکہ نوازشریف ان کے مقابلہ میں عمر سہیل ضیا بٹ کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دینا چاہتے ہیں۔ ہمایوں اختر خان بھی اپنے بھائی کو لاہور سے انتخاب لڑانا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے ہمایوں اختر اپنے بھائی کو ٹکٹ دلانے کیلئے پارٹی میں اپنا اثر رو سوخ استعمال کررہے ہیں۔

لاہور میں نوازشریف کے حلقہ (سابق حلقہ این اے 120) سے ماجد ظہو ر کی بھر پور مخالفت کی جا رہی ہے اور پارٹی میں ان کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہارکیا جا رہا ہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ پر نوازشریف اور شہبازشریف میں اختلافات موجود ہیں، جس وجہ سے شہبازشریف پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں میں کم دلچسپی لے رہے ہیں، اسی طرح فیصل آباد میں رانا ثنا اﷲ، رانا افضل، عا بد شیر علی میں اختلافات کی وجہ سے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم مشکل ہورہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ میں گزشتہ روز جنوبی پنجاب کی ٹکٹوں کا معاملہ زیر غور آیا اور بہاولپور سمیت دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے درخواست دہندگان کے ناموں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی جانب سے 2 مرحلوں میں پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں 10 جون کو بعض امیدواروں کے نام سامنے لائے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 70 فیصد ٹکٹ پرانے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو دئے جائیں گے اور بعض پارٹی رہنمائوں کے خلاف مقدمات کی وجہ سے متبادل امیدوار رکھے جائیں گے جبکہ بعض حلقوں سے 3 سے 4 کورنگ امیدوار ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور مریم نواز کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑنے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ مریم نواز کو کراچی سے بھی الیکشن لڑانے کی تجویز ہے۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) عام انتخابات کیلئے امیدوار وں کے پہلے مرحلے کا اعلان آج کرے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).