جاتی امرا والے بچکانہ حرکتوں سےنہ اپنا مذاق اُڑوائیں اورنہ ہی میری تضحیک کریں؛ چوہدری نثار


علالت سے صحت یابی کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہار کروں گا، چوہدر نثار . فوٹو : فائل

علالت سے صحت یابی کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہار کروں گا، چوہدر نثار . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ جاتی امراء والوں کو کہتا ہوں کہ ڈراموں اور بچکانہ حرکتوں سے نہ اپنا مذاق اُڑوائیں اور نہ ہی میری تضحیک کریں۔

سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ  کے حوالے سے کہا کہ کیا کبھی یہ ہوا ہے کہ پارٹی کے سینئر ترین ارکان جو کئی دفعہ منتخب ہو چکے ہوں وہ بورڈ کے سامنے آکر ٹکٹ کے لئے انٹرویو دیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ نہ ان کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ ہی اس کا محتاج ہوں لیکن نجانے کیوں مجھے ٹکٹ نہ دینے کا بہانہ بنانے کے لئے مضحکہ خیز ڈرامے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جاتی امرا والوں کو کہتا ہوں کہ ڈراموں اور بچکانہ حرکتوں سے نہ اپنا مذاق اڑوائیں اور نہ ہی میری تضحیک کریں جب کہ بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہارِ رائے کروں گا۔

واضح رہے چوہدری نثار کو عام انتخابات کے لئے ٹکٹ دینے کے معاملے پر نوازشریف اور شہباز شریف میں اختلاف ہوا تھا، شہباز شریف چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نرم رویہ رکھتے ہیں لیکن نوازشریف نے ٹکٹ جاری کرنے کے لیے شرط رکھی ہے کہ وہ پہلے درخواست دیں اس کے بعد ہی ٹکٹ جاری کیا جائے گا تاہم چوہدری نثار ٹکٹ کے لیے درخواست دینے سے انکار کرچکے ہیں۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).